ماہ ذی القعدہ کے چاند کی رویت کا اعلان

9
ماہ ذی القعدہ کے چاند کی رویت کا اعلان


اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 مئی2024ء) ماہ ذی القعدہ کے چاند کی رویت کا اعلان، ذی القعدہ کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا، عید الاضحٰی کی ممکنہ تاریخ بھی بتا دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ماہ شوال کی 29 تاریخ پر ماہ ذی القعدہ کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج بروز بدھ اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی۔ اجلاس کے بعد چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے کہا کہ آج بروز بدھ کو ملک بھر میں ذی القعدہ 1445ہجری کا چاند نظر نہیں آیا، لہذا ماہ شوال کا اختتام 30 ایام کے بعد ہو گا، جبکہ یکم ذی القعدہ جمعہ 10مئی سے ہو گی۔ وزارت مذہبی امور کی جانب سے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

()

دوسری جانب عید الاضحٰی کی ممکنہ تاریخ بھی سامنے آ گئی۔ واضح رہے کہ ماہ شوال کا اختتام قریب آنے پر جہاں حج بیت اللہ کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں، وہیں دنیا بھر کے مسلمان یہ جاننے کیلئے بھی کوشاں ہیں کہ عید الاضحٰی کس تاریخ کو ہو گی۔ اس حوالے سے مصر سے تعلق رکھنے والے ماہرین فلکیات نے ایک رپورٹ جاری کی ہے، جس میں عید الاضحٰی کی ممکنہ تاریخ بتا دی گئی۔ مصر میں وزارت اعلیٰ تعلیم اور سائنسی تحقیق کے قومی ادارہ برائے فلکیاتی اور جیو فزیکل ریسرچ نے فلکیاتی حسابات سے بتایا کہ دنیا کے بیشتر حصوں میں عیدالاضحیٰ 16 جون 2024 کو منائے جانے کا امکان ہے جب کہ وقوف عرفہ 15 جون کو ہوگا۔ انسٹی ٹیوٹ کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ذی الحج کے مہینے کا آغاز جمعہ 7 جون 2024 کو ہوگا۔ تاہم ہر ملک میں عید الاضحٰی کی حتمی تاریخ کا اعلان وہاں کی حکومتوں کے متعلقہ ادارے کریں گے۔ جبکہ واضح رہے کہ اس سے قبل امارات فلکیاتی سوسائٹی کی ڈائریکٹر ابراہیم الجروان نے ایک رپورٹ میں بتایا کہ فلکیاتی حساب سے ظاہر ہوتا ہے کہ 2024ء میں متحدہ عرب امارات میں یوم عرفہ اور عید الاضحیٰ کے موقع یو اے ای میں 5 دن کی چھٹی ہو سکتی ہے۔ یوم عرفہ 9 ذوالحجہ کو منایا جاتا ہے اور اسلامی تہوار عید الاضحیٰ اس کے بعد کے تین دنوں میں منایا جاتا ہے، رواں برس اتوار 16 جون سے بدھ 19 جون بشمول اختتام ہفتہ یعنی 15 جون کو ملاکر اس تہوار کے موقع پر پانچ دن کی چھٹی ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ اسلامی نیا سال کے دوران 1 دن کی چھٹی ہوگی، 2024ء کا نیا اسلامی سال جولائی میں آتا ہے اور یکم محرم ہجری سال کا پہلا دن اتوار 7 جولائی کو آنے کی توقع ہے۔



Source link

Credits Urdu Points