کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین – این این آئی۔ 28 نومبر2020ء) پاکستان اسٹیل ملز ملازمین نے برطرفیوں کے خلاف دوسرے روز بھی شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین نے نیشنل ہائی وے کے دونوں ٹریک بند کردیے۔ کراچی میں اسٹیل ٹائون نیشنل ہائیوے پر پاکستان اسٹیل کے ملازمین کی جانب سے برطرفیوں کے خلاف دوسرے روز بھی احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے نیشنل ہائی وے کے دونوں ٹریک بند کرکے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ احتجاج کے باعث ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوگئی۔مظاہرین نے کہاکہ مطالبات منظور ہونے تک احتجاج جاری رہیگا۔برطرفی کی خبر پر دل کا دورہ پڑنے سے ایک ملازم چل بسا جس کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ مرحوم نے سوگواروں میں دو بیٹے اور اہلیہ چھوڑی ہیں۔ نماز جنازہ کے بعد پاکستان اسٹیل کے ملازمین نے نیشنل ہائی وے پر احتجاج کیا اور سڑک ٹریفک کیلئے بند رکھی۔
()
پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین کی جبری برطرفیوں کی خبر حبیب رحمان پر قیامت بن کر گری اور گزشتہ روز دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گیا تھا جس کی نمازجنازہ ہفتہ کو ادا کی گئی ۔دم توڑجانے والے شخص کے بیٹے نے کہا کہ حکومت اسٹیل ملزکو بحال کر کے ملازمین رکھنے کا وعدہ کرکے مکر گئی ۔نمازجنازہ کے بعد ملازمین نیشنل ہائی وے پر نکل آئے ، جس کے باعث گاڑیوں کی طویل لائنیں لگ گئیں ۔مظاہرین نے نیشنل ہائی وے پر دھرنا دیا اور وفاقی حکومت کیخلاف نعرے لگا کر دل کی بھڑاس نکالی ۔پاکستان اسٹیل ملز کے احتجاجی ملازمین نے وزیراعظم عمران خان سے برطرفیوں کا فیصلہ فوری واپس لینے کا مطالبہ کردیا ۔
متعلقہ عنوان :
Credits Urdu Points