اپوزیشن کے بغیر کام نہیں کیا جاسکتا ، بات چیت ہونی چاہیے ، فواد چوہدری

39


اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 نومبر2020ء) وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جمہوریت میں اپوزیشن کے بغیر کام نہیں کیا جاسکتا ، اس لیے حکومت اور اپوزیشن جماعتوں میں بات چیت ہونی چاہیے ، لیکن اپوزیشن جماعتیں اپنے کیسز میں ریلیف پر بات کرنا چاہتی ہیں اور وزیراعظم اس پر راضی نہیں ہیں۔ تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہا کہ حکومت کواصلاحات اور قانون سازی کیلئےاپوزیشن کی ضرورت ہے اس لیے اپوزیشن سے مذاکرات 100 فیصد ہونے چاہئیں ، اپوزیشن کوانتخابی اصلاحات پرمذاکرات کی دعوت دی گئی کیوں کہ وزیراعظم اصلاحات پر اپوزیشن سے گفتگو کے لیے تیار ہیں لیکن مسئلہ یہ ہے کہ اپوزیشن چاہتی ہے صرف ان کے کیسز پر بات چیت کی جائے لیکن وزیراعظم اپوزیشن کے کیسز پربات چیت کیلئے تیار نہیں ہیں۔

()

فواد چوہدری نے کہا کہ بلاول کوسب نے سمجھایا جلسے نہ کریں لیکن وہ نہیں مانے ، اللہ ان کو جلد صحت دے لیکن اندھے کوبھی نظر آرہاہے ان حالات میں جلسےکرنا مناسب نہیں ہے۔
دوسری طرف وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم جتنے مرضی جلسے کرلیں ، این آراو نہیں ملے گا، دنیا کورونا سے لڑ رہی ہے اور یہاں جلسوں کا تماشا لگایا ہوا ہے، حکومتی اقدامات سے مہنگائی میں کمی ہوئی ہے، مہنگائی میں مزید کمی کیلئے اقدامات کررہے ہیں ، وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی اور حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا، جس میں ملک کی سیاسی ، معاشی صورتحال پر بات چیت کی گئی ،اپوزیشن کی ممکنہ تحریک اور بیانیئے سے متعلق بھی جائزہ لیا گیا ۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ لوٹی دولت بچانے کیلئے لوگوں کو کورونا کے رحم وکرم پر چھوڑا جارہا ہے ، دنیا کورونا سے لڑ رہی ہے اور یہاں جلسوں کا تماشا لگایا ہوا ہے ، ایک لیڈرلندن میں چھپ کر بیٹھا ہوا ہے ، پی ڈی ایم کو جلسے منسوخ کردینے چاہئیں، کورونا سے بچاؤ کیلئے احتیاط اور ایس اوپیز پر عمل کرنا ضروری ہے ، اپوزیشن کے جلسوں سے کوئی سیاسی فرق نہیں پڑرہا ہے،جتنے مرضی جلسے کرلیں این آراو نہیں ملے گا۔



Source link

Credits Urdu Points