آذربائیجان کے صدر کی خانہ کعبہ میں کی جانے والی دعا قبول ہوئی، نگورنو کاراباخ کی تاریخی مسجد میں 27 سال بعد اذان کی آواز گونج اٹھی
باکو (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 نومبر2020ء) آذربائیجان کے صدر کی خانہ کعبہ میں کی جانے والی دعا قبول ہوئی، نگورنو کاراباخ کی تاریخی مسجد میں 27 سال بعد اذان کی آواز گونج اٹھی۔ تفصیلات کے مطابق آذربائیجان کی جانب آرمینیا کے زیر قبضہ علاقے نگورنوکاراباخ کو آزاد کروائے جانے کے بعد یہاں موجود تاریخی مسجد میں 27 سال بعد اذان گونج اٹھی۔ بتایا گیا ہے کہ آرمینیا کی جانب سے متعدد مرتبہ اس مسجد کی بے حرمتی کی گئی اور اسے شدید نقصان پہنچایا گیا۔ تاہم اب نگورنوکاراباخ کی آزادی کے بعد اس تاریخی مسجد کو بھی آباد کر دیا گیا ہے۔ 27 سال بعد ناصرف اس مسجد میں اذان کی آواز گونجی، بلکہ یہاں نماز جمعہ بھی ادا کی گئی۔ آذربائیجان کے صدر نے بھی مسجد کا دورہ کیا اور مسجد کی در و دیوار کو چوم لیا۔
()
اس دوران صدر الہام علیوف نے کہا کہ انہوں نے خانہ کعبہ میں نگورنوکاراباخ کی آزادی کی دعا مانگی تھی۔
خانہ کعبہ میں اللہ تعالی سے دعا مانگی تھی کہ وہ انہیں غاصبوں کے قبضے سے اپنی سرزمین آزاد کرانے کی قوت دے، اب دعا قبول ہونے پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں آذربائیجان یورپی ملک آرمینیا کیخلاف تاریخی فتح حاصل کرنے میں کامیاب ہوا تھا۔ آرمینا نے 90 کی دہائی میں آذربائیجان کے علاقے نگورنوکاراباخ پر قبضہ کر لیا تھا، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کئی خونریز جنگیں ہوئیں۔ آذربائیجان ان جنگوں میں نگورنوکاراباخ کو آزاد کروانے میں ناکام رہا۔ تاہم کچھ ماہ قبل دوبارہ دونوں ممالک کے درمیان جنگ چھڑی، اور پھر 27 سال کے بعد آذربائیجان اپنا مقبوضہ علاقہ آزاد کروانے میں کامیاب ہو گیا۔ اس جنگ کے دوران آذربائیجان نے آرمینیا کی فوج کو بدترین شکست سے دوچار کیا، ہزاروں آرمینین فوجی ہلاک ہوئے، جس کے بعد آرمینیا کے صدر نے شکست تسلیم کرتے ہوئے مقبوضہ علاقے آذربائیجان کو واپس کرنے کا معاہدہ کر کے جنگ ختم کرنے کا اعلان کیا۔
متعلقہ عنوان :
Credits Urdu Points