اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 نومبر2020ء) حکمران جماعت تحریک انصاف نے گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ کے لیے 2 نام شارٹ لسٹ کرلیے۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی طرف سے بیرسٹر خالد خورشید اور فتح اللہ خان کا نام شارٹ لسٹ کیا گیا ہے ، اس سلسے میں نامزدگی کی حتمی منظوری وزیراعظم عمران خان دیں گے۔ دوسری طرف الیکشن کمیشن نے گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے سرکاری نتائج کے اعلان کے بعد ٹیکنوکریٹس اور خواتین کی مخصوص نشستوں کا بھی اعلان کردیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجا شہباز خان کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن میں خواتین کی 6 مخصوص اور ٹیکنوکریٹس کی 3 نشستوں کا اعلان کیا گیا ہے ۔
الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ٹیکنوکریٹس کی 3 میں سے 2 نشستیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جبکہ ایک نشست پیپلزپارٹی کے حصے میں آئی۔
()
گلگت بلتستان اسمبلی میں پی ٹی آئی کے اکبر علی اور فضل رحیم جبکہ پیپلزپارٹی کے غلام شہزاد ٹیکنوکریٹس نشست پر منتخب ہوئے ہیں۔
جبکہ خواتین کی 6 مخصوص نشستوں میں سے 4 پی ٹی آئی کو ملیں جبکہ ایک مخصوص نشست پیپلزپارٹی اور ایک ن لیگ نے حاصل کی ہے۔نوٹیفیکیشن کے مطابق خواتین کی مخصوص 4 نشستوں پر پی ٹی آئی کی کنیز فاطمہ، ثریا زمان، دلشاد بانو اور کلثوم الیاس منتخب ہوئیں، پیپلزپارٹی کی سعدیہ دانش اور ن لیگ کی صنم بی بی خواتین کی مخصوص نشستوں پر اسمبلی میں پہنچی ہیں۔ واضح رہے کہ گلگت بلتستان کی قانون ساز اسمبلی کے سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف نے 10 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے جبکہ 6 کامیاب آزاد امیدواروں نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی جس کے بعد پی ٹی آئی کی کل نشستوں کی تعداد 16 ہو گئی تھی ۔
اب خواتین کی 4 اور ٹیکنوکریٹس کی 2 نشستیں ملنے کے بعد پی ٹی آئی کو گلگت بلتستان اسمبلی کی کُل 33 میں سے 22 نشستیں مل چکی ہیں، جس کے بعد تحریک انصاف گلگت بلتستان میں حکومت بنانے کی واضح پوزیشن میں آ چکی ہے ۔
Credits Urdu Points