تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کے درمیان گلے شکوے دُور ہوگئے

53


لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 نومبر2020ء) تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کے درمیان گلے شکوے دُور ہوگئے، سربراہ ق لیگ چودھری شجاعت نے کہا کہ بطور اتحادی حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں، آپ کو صحیح بات نہیں پہنچائی جاتی، پرویز الٰہی سے براہ راست بات کیا کریں، جس پر عمران خان نے یقین دہانی کروائی کہ مجھے بھی پرویز الٰہی کی طرح سمجھیں، فکر نہ کریں مل کرکام کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت کے درمیان ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آئی ہے جس کے تحت وزیراعظم عمران خان نے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چودھری صاحب میں آپ کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہوں، آپ مجھے بھی پرویز الٰہی کی طرح سمجھیں۔ چودھری شجاعت نے کہا کہ لگتا ہے دائیں بائیں کے لوگ درست بات نہیں پہنچاتے، آپ پرویزالٰہی سے براہ راست بات کرلیا کریں ،آپ گھر پر آئے ہیں، ہمارا آپ کے ساتھ کوئی گلہ شکوہ نہیں ، ہم آپ کے ساتھ ہیں، تحریک انصاف کے ساتھ مل کر الیکشن لڑا، 5 سال حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔

()

اس پر وزیراعظم عمرا ن خان نے کہا کہ چودھری صاحب فکر نہ کریں مل جل کر کام کریں گے۔ چودھری شجاعت نے عمران خان کو پہلی شادی سے متعلق کہا کہ آپ کی پہلی شادی پر آنا چاہتا تھا لیکن آپ نے کارڈ نہیں بھیجا، جس پر عمران خان اور پرویز الٰہی نے قہقہ لگایا، عمران خان نے چودھری شجاعت کو مخاطب کیا کہ چودھری صاحب آپ کو اتنی پرانی بات یاد ہے؟ جس پر چودھری شجاعت نے کہا کہ میں پرانی باتیں یاد رکھتا ہوں۔یاد رہے گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے سربراہ ق لیگ چودھری شجاعت حسین سے ان کی رہائسگاہ پر ملاقات کی، وزیراعظم نے چوہدری شجاعت حسین کی عیادت کی، وزیراعظم نے چوہدری شجاعت حسین کی جلد صحتیابی کیلئے دعا بھی کی۔



Source link

Credits Urdu Points