سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز کا مجھ سے کوئی تعلق نہیں ہے

54


کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 نومبر 2020ء) : سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز پر وضاحتی بیان جاری کر دیا اور ان ویڈیو کی بنیاد پر انہیں تنقید کا نشانہ بنانے والوں کو بھی آڑے ہاتھوں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں بختاور بھٹو کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کو مجھ سے کوئی تعلق نہیں ہے ، نہ ہی ان ویڈیوز سے میرا کوئی لینا دینا ہے۔ اگر آپ صحیح سے پڑھ نہیں سکتے (کیونکہ منگنی کے دعوت نامے میں تاریخ واضح طور پر 27 نومبر درج ہے) تو شاید آپ کے پاس کم از کم بنیادی بینائی تو ہو گی جس سے آپ کو یہ معلوم ہو گا کہ اس ویڈیو میں نہ تو کہیں بختاور بھٹو خود ہے اور نہ ہی اُن کے خاندان کا کوئی فرد نظر آ رہا ہے۔

()

یاد رہے کہ گذشتہ روز سوشل میڈیا پر کئی ویڈیوز وائرل ہوئیں جن میں کئی افراد کو ڈانس کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ ان ویڈیو کو بختاور بھٹو زرداری سے منسوب کیا گیا اور کہا گیا کہ یہ ویڈیوز بختاور بھٹو زرداری کی منگنی سے پہلے ہونے والی ایک تقریب کی ہے جس میں انہوں نے اپنے تمام دوست احباب اور قریبی ساتھیوں کو مدعو کیا تھا۔ ان ویڈیوز کی بنیاد پر بختاور بھٹو اور ان کے اہل خانہ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا اور کہا گیا تھا کہ ان کے پاس ملک کا لُوٹا ہوا پیسہ ہے جسے یہ لوگ پانی کی طرح بہا رہے ہیں۔ تاہم اب بختاور بھٹو نے سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز سے متعلق وضاحت کر دی ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چئیرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی صاحبزادی بختاور بھٹو کی منگنی کی تقریب 27 نومبر کو ہو گی ۔ اس حوالے سے مہمانوں کو دعوت دینے کے لیے ایک خصوصی کارڈ جاری کیا گیا تھا جس پر تحریر تھا کہ تقریب میں شرکت کرنے کے لیے کورونا ٹیسٹ لازمی کروانا ہوگا ۔ مدعو کیے گئے مہمانوں کو ہدایات کی گئیں کہ وہ تقریب سے 24 گھنٹے قبل اپنے کورونا نیگیٹو ٹیسٹ کی رپورٹ بلاول ہاؤس میں جمع کروائیں گے اور جن مہمانوں کی رپورٹ نیگیٹو ہو گی صرف وہی تقریب میں شرکت کر سکیں گے۔ تاہم گذشتہ روز بختاور بھٹو کی منگنی کی تقریب میں مہمانوں کو محدود کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا تھا۔ منگنی کی تقریب میں صرف 80 کے قریب افراد شریک ہوں گے جن میں قریبی دوست احباب اور رشتہ دار شامل ہیں جبکہ پارٹی رہنما اور عہدیدار بھی منگنی کی تقریب میں شرکت نہیں کریں گے۔ جبکہ کورونا میں مبتلا ہونے کی وجہ سے بلاول بھٹو زرداری بھی تقریب میں شریک نہیں ہو سکیں گے۔



Source link

Credits Urdu Points