اسلام آباد (اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 25 نومبر 2020ء) سپریم کورٹ نے سابق ڈی ایل ڈی اے احد چیمہ کی درخواست ضمانت منظور کرلی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کیس کی جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔سپریم کورٹ نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کیس میں 2 سال 9 ماہ کے بعد لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے سابق ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) احد چیمہ اور شریک ملزم شاہد شفیق کی ضمانت منظور کرلی ہے، ملزمان نیب کی حراست میں تھے ۔ سماعت کے دوران ملزم شاہد شفیق کے وکیل اشتر اوصاف نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ آشیانہ ہاؤسنگ سے خزانے کو کوئی نقصان نہیں ہوا جبکہ میرے مؤکل کا کوئی مالی فائدہ ثابت نہیں ہوا، صوبائی حکومت کو کوئی مالی نقصان نہیں ہوا لیکن میرا مؤکل 3 سال سے قید ہے۔
()
سماعت کے دوران احد چیمہ کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ نے کہا کہ ان کے مؤکل احد چیمہ پر پیراگون سوسائٹی کو فائدہ پہنچانے کا الزام بے بنیاد ہے، احد چیمہ نے بطور چیئرمین ایل ڈی اے پیراگون سوسائٹی کو غیر قانونی قرار دیا جس کے بعد پیراگون پر نیب ریفرنس بنا۔
واضح رہے کہ ملزم احد چیمہ آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں بھی زیرحراست ہیں جس کے باعث وہ ضمانت کے باوجود رہا نہیں ہوسکیں گے ۔ 21 فروری 2018 کو نیب نے آشیانہ اقبال ہاﺅسنگ سوسائٹی اسکینڈل میں مبینہ طور پر ملوث ہونے پر ایل ڈی اے کے سابق سربراہ احد خان چیمہ کو پوچھ گچھ کے لیے گرفتار کیا تھا، جس کے بعد اس وقت کے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے حلقے میں ہلچل مچ گئی تھی.
بعد ازاں احد چیمہ کے ریمانڈ میں عدالت کی جانب سے متعدد بار توسیع کی گئی اور انہیں تفتیش کے لیے جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا گیا تھا یاد رہے کہ پیراگون سٹی کی ذیلی کمپنی بسم اللہ انجینئرنگ کے مالک شاہد شفیق کو جعلی دستاویزات کی بنیاد پر آشیانہ ہاﺅسنگ اسکیم کا ٹھیکہ لینے کے الزام میں 24 فروری 2018 کو نیب نے گرفتار کیا تھا واضح رہے کہ بسم اللہ انجینئرنگ کمپنی کی نااہلی کی وجہ سے حکومت کو 100 کروڑ روپے کا نقصان ہوا تھا.
Credits Urdu Points