اسلا م آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 نومبر 2020ء) :اپوزیشن نے جلسے موخر کرنے کے لیے حکومت کو بڑی پیشکش کر دی ہے، پی پی رہنما مصطفیٰ کھوکر کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اپوزیشن کی لیڈر شپ کو آن بورڈ لینے کے لیے نواز شریف اور آصف زرداری کو کال کریں تو جلسے موخر کر سکتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق اپوزیشن کورونا کی صورتحال میں بھی جلسے جلوس کرنے پر بضد ہے جب کہ حکومت وبائی صورتحال میں جلسے کرنے کی اجازت نہیں دے رہی۔اسی حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما مصطفیٰ کھوکھر نے کہا کہ وزیراعظم اپوزیشن کی لیڈر شپ کو آن بورڈ لینے کے لیے نواز شریف اور آصف زرداری کو کال کریں تو جلسے موخر کر سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت اتنی فکر مند ہے تو وزیراعظم کو چاہئیے کہ وہ مولانا فضل الرحمان اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے سربراہان سے رابطہ کریں۔
()
مصطفیٰ کھوکھر نے مزید کہا کہ اپوزیشن نے ماضی میں ملک کی خاطر مثبت کردار ادا کیا ہے۔پاک بھارت کشیدگی اور خادم حسین رضوی کے اسلام آباد دھرنے کے موقع پر اپوزیشن نے بہترین کردار ادا کیا تھا۔ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر بھی اپوزیشن نے قومی ذمہ داری ادا کی تھی۔کیا اب وزیراعظم ایک فون بھی نہیں کر سکتے۔دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کارکنان سے کہا ہے کہ وہ 30 نومبر کو منعقد ہونے والے جلسہ عام میں شرکت کو یقینی بنائیں۔ اپنے بیان میں سید یوسف رضا گیلانی نے کہاکہ پی ڈی ایم عوام کے لیے سڑکوں پر نکلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ملک میں آئین کی بالادستی چاہتی ہے۔سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ عوام کے حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد کرتے رہیں گے۔
Credits Urdu Points