اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین – اے پی پی۔ 24 نومبر2020ء) : وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ یہ وقت ہے کہ نواز شریف بڑا فیصلہ کریں اور اپنی والدہ کے جنازے میں شریک ہوں، نواز شریف بڑے پاپڑ بیل کر بیرون ملک گئے ہیں اسلئے ان سے اتنے بڑے فیصلے کی توقع نہیں اور وہ واپس نہیں آئیں گے، پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کو جلسے جلوسوں سے کچھ حاصل نہیں ہو گا، وزیراعظم عمران خان کہیں نہیں جا رہے اور حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں کورونا پر سیاست کر رہی ہیں اور میڈیا میڈیا کھیل رہی ہیں، اگر وبا بڑھی تو نقصان ملک اور عوام کو ہو گا اسلئے اپوزیشن کو تھوڑے عرصے کیلئے سیاسی سرگرمیاں معطل کر دینی چاہییں۔
()
شیخ رشید احمد نے کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز ریاست مخالف بیانیے کو لیکر بہت آگے نکل گئے ہیں، پاکستان کی سیاست میں دونوں کا مستقبل نظر نہیں آ رہا، موجودہ سیاسی حالات میں شہباز شریف کا کردار دانشمندانہ اور مذاکرات کا ہے، شہباز شریف کو معلوم ہے کہ اگر سیاست بند گلی میں چلی گئی تو اس کا نتیجہ کسی کے حق میں نہیں ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کے کیسز سنگین نوعیت کے ہیں، وہ سزائوں سے نہیں بچ سکیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ گلگت بلتستان کے حالیہ انتخابات شفاف ہوئے ہیں، انتخابات میں میرے حلقے سے بھی کم ووٹ پڑے ہیں اسلئے دھاندلی کیسے ہو سکتی ہے، ہارنے والی جماعتوں نے عہد کر لیا ہے کہ ہار نہیں مانیں گے، نہ ماننے والوں پر اللہ رحم کرے۔ انہوں نے کہا کہ آٹے اور چینی کی قیمتیں بتدریج کم ہو رہی ہیں اور عوام اب مطمئن نظر آ رہے ہیں، حکومت کو اسی طرح سبزیوں کی قیمتیں کم کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔
Credits Urdu Points