رن وے کی لائٹس خراب ہونے پر سیالکوٹ آنے والی 2 غیر ملکی پروازوں کا رخ ہنگامی طور پر لاہور موڑ دیا گیا
سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 نومبر2020ء) بین الاقوامی پرواز کی لینڈنگ سے قبل سیالکوٹ ائیرپورٹ کے رن وے کی لائٹس خراب ہوگئیں۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے اہم ترین صنعتی شہر سیالکوٹ میں واقع انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر منگل کی شب کو اس وقت ہنگامی صورتحال پیدا ہوئی جب ائیرپورٹ کے رن وے کی لائٹس اچانک خراب ہوگئیں۔ لائٹس عین اس وقت خراب ہوئیں جب 2 غیر ملکی پروازیں سیالکوٹ ائیرپورٹ پہنچنے والی تھیں۔ اس صورتحال میں ائیرپورٹ حکام نے ہنگامی طور پر لاہور ائیرپورٹ انتظامیہ اور پروازوں کے پائلٹس سے رابطہ کیا۔
()
رن وے کی لائٹس خراب ہونے پر سیالکوٹ آنے والی 2 غیر ملکی پروازوں کا رخ ہنگامی طور پر لاہور موڑ دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ رن وے لائٹس کی خرابی کا معاملہ دیکھا جا رہا ہے۔ لائٹس ٹھیک کیے جانے کے بعد ائیرپورٹ پر پروازوں کی آمد و رفت دوبارہ بحال کر دی جائے گی۔ یہاں یہ واضح رہے کہ لاہور ائیرپورٹ کا مرکزی رن وے بھی ان دنوں پروازوں کی آمد و رفت کیلئے بند ہے۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے مرکزی رن وے کو کچھ روز قبل مرمتی کام کیلئے بند کیا گیا۔ رن وے ایک سال کیلئے بند رہے گا، جسے مرمتی کام مکمل ہونے کے بعد دوبارہ آپریشنل کیا جائے گا۔
متعلقہ عنوان :
Credits Urdu Points