کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین – 24 نومبر 2020ء) سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری کی نوجوان صاحبزادی کورونا کے باعث انتقال کرگئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری کی 22 سالہ صاحبزادی عائشہ زہری گزشتہ روز کورونا وائرس سے انتقال کرگئی ہیں ۔ عائشہ زہری کورونا میں مبتلا تھیں انہیں گزشتہ دنوں کراچی کے نجی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق عائشہ زہری کی تدفین کراچی میں ہی کی جائے گی ۔ نوجوان بیٹی کے انتقال پر ملک بھر سے سیاسی و سماجی افراد کی جانب سے ثناء اللہ زہری سے اظہارِ تعزیت کیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 79 ہزار 883 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 954 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 15 ہزار 138، سندھ میں ایک لاکھ 64 ہزار 651، خیبر پختونخوا میں 44 ہزار 932، بلوچستان میں 16 ہزار 846، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 558، اسلام آباد میں 27 ہزار 555 جبکہ آزاد کشمیر میں 6 ہزار 203 کیسز رپورٹ ہوئے۔
()
ملک بھر میں اب تک 52 لاکھ 56 ہزار 120 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 39 ہزار 165 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 31 ہزار 760 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 751 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ یاد رہے کہ ملک بھر میں کورونا کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر ہی گذشتہ روز وفاقی حکومت نے تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد ملک بھر کی تمام مارکیٹس شام چھ بجے بند کرنے کا اعلان بھی کیا گیا تھا۔
Credits Urdu Points