اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24 نومبر 2020ء) : اسرائیلی ٹی وی کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے پاکستان کے سینئیر صحافی و تجزیہ کار مبشر لقمان نے کہا کہ پاکستان کو کسی دوسرے ملک کے ذریعے نہیں بلکہ براہ راست اسرائیل کے ساتھ ہاتھ ملانا چاہئیے۔ انہوں نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اسرائیل سمیت تمام ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات قائم کرنے چاہئیں۔ مبشر لقمان نے کہا کہ میں اُن لوگوں میں سے ہوں جن کا ماننا ہے کہ پاکستان کو دوسری قوموں کی جنگ نہیں لڑنی چاہئیے۔ انہوں نے اسرائیل کو ایک فعال ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور اسرائیل کو ہاتھ ملا لینے چاہئیں۔ پاکستان کے لوگ اسرائیلی عوام کے بارے میں زیادہ کچھ نہیں جانتے۔ اُن کو بس یہی معلوم ہے کہ اسرائیل ایک ایسی ریاست ہے جو فلسطین کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہے۔
()
لیکن اسرائیلی قوم اپنے آپ میں ایک عظیم قوم ہے۔ اسرائیلی قوم جنگجو قوم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان اور اسرائیل نے کبھی ہاتھ ملائے ، تو وہ کسی تیسری پارٹی کی وجہ سے نہیں ملانے چاہئیں ، یہ تعلقات براہ راست ہونے چاہئیں۔ ہمیں کسی کے تابع رہنے کی ضرورت نہیں ہے پھر چاہے وہ امریکہ ہو یا سعودی عرب۔ مبشر لقمان نے کہا کہ اسرائیل اور پاکستان کے مابین عداوت سات دہائیوں کی ہے،اور اگر انہیں اس اسٹیج سے آگے جانا ہے تو انہیں اپنی قوموں کو اس حوالے سے شعور دینا ہو گا۔ مبشر لقمان نے کہا کہ میں پرویز مشرف کی کابینہ میں وزیر بھی تھا، اور میں اُن لوگوں میں سے ہوں جن کا خیال ہے کہ پاکستان کو تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات استوار کرنے چاہئیں۔ میرا ماننا تھا کہ ہمیں اپنی خارجہ پالیسی پر نظر ثانی کرنی چاہئیے اور ہمیں پہلے پاکستان کا سوچنا چاہئیے۔ میرا یہ بھی ماننا تھا کہ ہمیں آپس میں سفارتی تعلقات قائم کرنے چاہئیں اور اس میں کوئی حرج بھی نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کیا کہا آپ بھی دیکھیں:
Credits Urdu Points