اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین – این این آئی۔ 23 نومبر2020ء) سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری نے اپنی منگنی کے موقع پر والدہ کے نکاح جیسا لباس پہننے کی خواہش ظاہر کر دی ۔ تفصیلات کے مطابق بختاور بھٹو زرداری کے والد آصف علی زرداری نے رواں ماہ 15 نومبر کو تصدیق کی تھی کہ ان کی بڑی صاحبزادی کی منگنی رواں ماہ 27 نومبر کو ہوگی۔بختاور بھٹو زرداری کی منگنی پاکستانی نڑاد متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صنعت کار محمد یونس چوہدری کے فرزند محمود چوہدری سے ہوگی۔بختاور بھٹو زرداری کے منگیتر کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی نے رواں ماہ 17 نومبر کو معلومات فراہم کرتے ہوئے بتایا تھا کہ محمود چوہدری 5 بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹے ہیں اور 28 جولائی 1988 کو ابوظبی میں پیدا ہوئے تھے، ان کی عمر 32 سال ہے۔
()
معلومات میں بتایا گیا تھا کہ محمود چوہدری نے ابوظبی میں پرائمری تعلیم حاصل کی اور برطانیہ میں سیکنڈری تعلیم حاصل کی جب ک انہوں نے یونیورسٹی آف ڈرہم سے لا کی تعلیم حاصل کی۔پی پی پی کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ محمود چوہدری کا رہائشی ملک متحدہ عرب امارات ہی رہے گا، جہاں وہ کنسٹرکشن، فنانس اور ٹیک کا بزنس چلائیں گے۔بختاور بھٹو زرداری کی منگنی کی خبریں سامنے آنے کے بعد اب خبر سامنے آئی ہے کہ وہ اپنی منگنی پر والدہ کی جانب سے نکاح پر پہنے گئے لباس جیسا لباس پہننا چاہتی ہیں۔بینظیر بھٹو کے نکاح کے لیے لباس تیار کرنے والے فیشن ہاؤس ریشم رواج کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی پوسٹ کے مطابق بختاور بھٹو زرداری نے والدہ کے لباس جیسا لباس پہننے کی خواہش ظاہر کی ۔ریشم رواج کی جانب سے فیس بک اور انسٹاگرام پر بینظیر بھٹو کے نکاح کے موقع پر 1989 میں تیار کیے گئے خصوصی لباس کی تصویر شیئر کرتے ہوئے بختاور بھٹو زرداری کو منگنی کی مبارک باد بھی پیش کی گئی۔ریشم رواج نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ بختاور بھٹو زرداری نے اپنی والدہ جیسا لباس پہننے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔پوسٹ میں بختاور بھٹو زرداری کی جانب سے والدہ کے نکاح جیسا لباس پہننے کی خواہش کا اظہار کرنے اور ریشم رواج کو منتخب کیے جانے پر فیشن ہاؤس نے فخر اور خوشی کا اظہار بھی کیا۔فیشن ہاؤس نے اس موقع پر بینظیر بھٹو کے نکاح کی تصویر بھی شیئر کی، جس میں وہ ریشم رواج کے ہرے و گلابی رنگوں کے امتزاج سے بنے لباس میں خوش دکھائی دے رہی ہیں۔
Credits Urdu Points