Live Updates
طویل تاریکی ختم ہونے کو ہے، ویکسین کے ٹرائلز کی کامیابی سے متعلق مثبت خبریں آرہی ہیں، تاریخ میں کوئی ویکسین اتنی تیزی سے تیار نہیں کی گئی: ڈاکٹر ٹیدروس
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 نومبر2020ء) عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے کرونا وبا خاتمے کی نوید سنا دی۔ تفصیلات کے مطابق ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ڈاکٹر ٹیدروس کی جانب سے کرونا وائرس وبا کے خاتمے کے حوالے سے پیر کے روز ایک اور بڑا اعلان کیا گیا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے امید دلائی ہے کہ مہلک عالمی وبا جلد ختم ہو سکتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ طویل تاریکی ختم ہونے کو ہے، کرونا ویکسین کے ٹرائلز کی کامیابی سے متعلق مثبت خبریں آرہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ سائنسدانوں نے ویکسین کی تیاری کے لیے نیا معیار اپنایا ہے، تاریخ میں کوئی ویکسین اتنی تیزی سے تیار نہیں کی گئی۔ ڈاکٹر ٹیدروس نے زور دیا ہے کہ ویکسین کی دستیابی کے بعد اس کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے۔
()
یہاں واضح رہے کہ کرونا وائرس ویکسین کی تیاری کے حوالے سے امریکا، روس اور برطانیہ سے حوصلہ افزا خبریں سامنے آئی ہیں۔
امریکی اور روسی کمپنیوں کا دعویٰ ہے کہ کرونا ویکسین کے ٹرائلز میں کامیابی حاصل ہوئی، ویکسین 90 فیصد سے زائد موثر ثابت ہوئی۔ جبکہ برطانیہ میں آکسفورڈ کی جانب سے تیار کردہ ویکسین کے ٹرائلز میں بھی کامیابی کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ مغربی ممالک کے علاوہ پاکستان میں بھی چین کے تعاون سے تیار کردہ ویکسین کے ٹرائلز کے دوران بڑی کامیابی حاصل ہوئی۔ چین کے اشتراک سے تیار کردہ ویکسین 2 ہزار سے زائد پاکستانی مریضوں کو دی گئی، ویکسین موصول ہونے کے بعد کسی بھی مریض کی حالت خراب نہیں ہوئی۔ پاکستانی ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اس ویکسین کے نتائج آنے میں 2 سے 3 ماہ کا وقت لگے گا۔ جبکہ بیشتر عالمی طبی ماہرین کی رائے میں کرونا ویکسین اگلے سال وسیع پیمانے پر دستیاب ہوگی۔
کرونا وائرس کی دوسری لہر سے متعلق تازہ ترین معلومات
متعلقہ عنوان :
Credits Urdu Points