کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 نومبر2020ء) پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری کو طبعیت بگڑنے پر کراچی کے ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ، اسلام آباد ہائیکورٹ میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی دائر کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف زرداری کی طرف سے 8 ارب روپے کی مشکوک ٹرانزیکشن کے کیس میں اسلام ابائی ہائیکورٹ میں عبوری درخواست ضمانت کے حوالے سے ہونے والی سماعت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کردی گئی ، جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ 11 اکتوبر کو سابق صدر آصف علی زرداری کراچی کے ہسپتال سے ڈسچارج ہوئے ، تاہم ان کی طبیعت بگڑنے پر 22 نومبر کو انہیں دوبارہ ہسپتال داخل کروایا گیا ، اس لیے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین کی طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کی جائے۔
()
بتایا گیا ہے کہ درخواست کے ساتھ آصف علی زرداری کی میڈیکل رپورٹس بھی منسلک کی گئیں ہیں ، جس پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے آٹھ ارب کی ٹرانزیکشن معاملہ پر آصف زرداری کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے عبوری ضمانت میں 24 نومبر تک ملتوی کردی ، اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سابق صدر آصف علی زرداری کی آٹھ ارب روپے کی مشکوک ٹرانزیکشن میں ضمانت قبل از گرفتاری سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔
ذرائع کے مطابق عدالت نے آصف زرداری کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی ، دوران سماعت سابق صدر کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے موقف اپنایا کہ ہم درخواست میں ترمیم کرنا چاہتے ہیں ، اس پر جسٹس عامر فاروق نے جواب دیا کہ آپ کیا ترمیم کرنا چاہتے ہیں؟ جب درخواست دائر کی تو اس وقت گراؤنڈ نہیں تھے ، فاروق ایچ نائیک نے عدالت کو بتایا کہ آصف زرداری اس وقت ہسپتال میں ہیں ضمانت کی درخواست میں طبی بنیادوں پر ترمیم کے لیے دائر درخواست منظور کی جائے ، جس کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت 24 نومبر تک کیلئے ملتوی کردی۔
Credits Urdu Points