لاہور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 نومبر2020ء) بھارت کرونا پھیلاو کے حوالے سے دنیا کا خطرناک ترین ملک، پھر بھی متحدہ عرب امارات نے ہندوستانیوں کی بجائے پاکستانیوں پر ویزٹ ویزہ کی پابندی عائد کردی۔ تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی ندیم ملک کی جانب سے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کی پاکستانیوں پر ویزٹ ویزہ پابندی کے حوالے سے اہم سوال اٹھایا گیا ہے۔ سینئر صحافی کا کہنا ہے کہ بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے کرونا خدشات کی وجہ سے یہ پابندی عائد کی ہے۔ لیکن گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں ڈھائی ہزار کیس اور 18 اموات جبکہ بھارت میں 45 ہزار کرونا کیس اور 500 سے زائد اموات رپورٹ ہوئیں۔ بھارت میں کرونا پھیلاو کی صورتحال انتہائی خطرناک ہے، لیکن پھر بھی ہندوستانیوں پر ایسی کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی۔
()
امریکا بھی کرونا پھیلاو کے حوالے سے دنیا کا سب سے زیادہ خطرناک ملک ہے، یو اے ای نے امریکیوں پر بھی ایسی کوئی پابندی عائد نہیں کی، امریکا کے معاملے میں یہ بات سمجھی جا سکتی ہے کیونکہ وہ انتہائی طاقتور ملک ہے۔ ندیم ملک کا کہنا ہے کہ حکومت کو خارجہ مسائل حل کرنے کی ضرورت ہے۔ دوسری جانب سینئر تجزیہ کار رؤف کلاسرا نے کہا ہے کہ پاکستان ، سعودی عرب اور یواے ای میں تعلقات مزید کشیدہ ہوگئے، یواے ای نے پاکستانیوں کیلئے ورک پرمٹ اور سیاحتی ویزہ دینابھی روک دیا ، یہ سعودی عرب کا اسرائیل کو تسلیم کرنے کیلئے دباؤ نہیں بلکہ تعلقات میں خرابی وزیراعظم عمران خان کے ترکی، قطر اور ایران کے ساتھ قریبی تعلقات پر ہوئی ہے، مسئلہ حل نہ کیا گیا تو پاکستان کیلئے مشکلات مزید بڑھ جائیں گی۔انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کے بارے اپنے تبصرے میں کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کافی خراب ہیں، پہلے بھی جب سعودی عرب نے پاکستان سے 2ارب ڈالر واپس مانگے تھے، اس سے پہلے ایک ارب ڈالر مانگا تھا، اسی طرح سعودی شہزادے نے عمران خان کو جو طیارہ دیا تھاوہ بھی نیویارک سے واپس لے لیا تھا۔اب متحدہ عرب امارات نے بڑا قدم اٹھا لیا ہے کہ پاکستانیوں کیلئے ورک پرمٹ اور سیاحت کا ویزہ بھی روک دیا ہے، سمجھا یہ جارہا ہے کہ اس کے پیچھے سعودی عرب ہے، کیونکہ سعودی عرب براہ راست خود کوئی پیغام نہیں دیتا بلکہ یواے ای کے ذریعے اس طرح کا پیغام دیا جاتا ہے۔بعض لوگ کہہ رہے ہیں کہ شاید یواے ای نے ورک پرمٹ اور سیاحتی ویزہ کرونا کی وجہ سے روکا گیا ہے، لیکن انڈیا بھی کورونا ہے وہاں کیلئے ایسا کوئی اقدام نہیں اٹھایا گیا۔ عمران خان اور شہزاد محمد بن سلمان کے درمیان ایک وار چل رہی ہے۔پاکستان کی اب تک کامیابی تھی کہ پاکستان نے سعودی عرب، ترکی، ایران اور قطر کے ساتھ بھی اچھے متوازن تعلقات رکھے ہوئے تھے لیکن اب ایسا نہیں ہے، اب عرب ممالک میں بھی معاملات خراب ہیں۔ سینئر صحافی کا کہنا ہے کہ آئندہ دنوں میں پاکستان کیلئے مشکلات بڑھ جائیں گی۔ اگر سعودی عرب اور یواے ای سے پاکستانی ورکرز واپس آتے ہیں تو بے روزگاری بڑے گی۔ 9 ارب ڈالر کا ترسیلات زر بھی ختم ہوجائے گا، حکومت کو چاہیے اپنی ذاتی عزت کو سائیڈ پر کرکے دونوں کے ممالک کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنائیں۔
Credits Urdu Points