تحریک انصاف نے گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی کی جیتی ہوئی نشست چھین لی

70


گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 نومبر2020ء) تحریک انصاف نے گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی کی جیتی ہوئی نشست چھین لی۔ تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان انتخابات میں حکمراں جماعت تحریک انصاف حلقہ جی بی ایل اے 2 کی نشست پیپلز پارٹی سے چھیننے میں کامیاب ہوگئی ہے۔ حلقہ جی بی ایل اے 2 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی میں حکمراں جماعت کے امیدوار کو 96 ووٹوں کی واضح برتری حاصل ہوگئی۔ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے بعد آر او نے فارم49 بھی جاری کردیا ہے۔ اس حلقے پر 15 نومبر کے ابتدائی نتائج میں پیپلز پارٹی کے امیدوار جمیل احمد کو برتری حاصل ہوئی تھی۔ بعد ازاں ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے تحریک انصاف کے امیدوار فتح اللہ کو 2 ووٹوں کی برتری حاصل ہوگئی۔ اس صورتحال میں حلقے میں صورتحال کشیدہ ہوئی اور متعدد مرتبہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی گئی۔

()

اب آخری مرتبہ کی گئی گنتی میں تحریک انصاف کے امیدوار کو 96 ووٹوں کی برتری حاصل ہوگئی، جس کے بعد نتائج کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس فتح سے تحریک انصاف نے گلگت بلتستان میں 2 تہائی اکثریت حاصل کر لی ہے۔ تحریک انصاف کی جانب سے 23 میں سے کل 10 نشستوں پر فتح حاصل کی گئی، جبکہ 6 آزاد امیدواروں نے حکمراں جماعت میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔ اس کے علاوہ ایم ڈبلیو ایم نے بھی ایک نشست کیساتھ تحریک انصاف کی حکومت کا حصہ بننے کا اعلان کیا ہے۔ یوں تحریک انصاف کو حکومت بنانے کیلئے کل 17 نشستیں حاصل ہوگئی ہیں۔ اس کے علاوہ 2 نشستوں پر دوبارہ انتخابات کا انعقاد بھی ہوگا، ان نشستوں پر بھی تحریک انصاف کی کامیابی کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔ ایک حلقے میں تحریک انصاف کے امیدوار کے انتقال کی وجہ سے تاخیر سے الیکشن ہوگا۔ جبکہ ایک حلقے میں پیپلز پارٹی کے اس امیدوار کو فتح حاصل ہوئی، جو ایک دوسرے حلقے میں بھی الیکشن جیت چکے۔ یہ نشست خالی کیے جانے کی وجہ سے یہاں دوبارہ الیکشن کا انعقاد ہوگا۔



Source link

Credits Urdu Points