پاکستان میں کرونا ویکسین کا کامیاب ٹرائل،ہزاروں پاکستانیوں کو چینی ویکسین کی ڈوز دے دی گئی

80


اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 نومبر2020ء) پاکستان میں کرونا ویکسین کا کامیاب ٹرائل،ہزاروں پاکستانیوں کو چینی ویکسین کی ڈوز دے دی گئی۔ ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں چین کے اشتراک سے تیار کی گئی کرونا ویکسین کا پہلا ٹرائل کامیاب ہوا۔ چین کے اشتراک سے تیار کی گئی ویکیسن اسلام آباد میں ڈھائی ہزار افراد کو دی گئی ہے۔ ٹرائل کا پہلا مرحلہ کامیاب رہا اور کسی مریض کی حالت خراب نہیں ہوئی۔ جن مریضوں کو ویکسین دی گئی ہے انہیں مسلسل مانیٹر کیا جائے گا۔ کچھ روز بعد دیکھا جائے گا آیا ان مریضوں میں اینٹی باڈیز پیدا ہوئیں یا نہیں۔ ڈاکٹرز نے ویکسین نتائج کے حوالے سے اگلے 2 سے 3 ماہ میں اچھی خبر ملنے کی نوید سنائی ہے۔ پاکستان میں کرونا ویکسین کی دستیابی کے حوالے سے حکومت کی جانب سے بھی اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔

()

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) نے کورونا ویکسین کی خریداری کیلئے 15 کروڑ ڈالرکی گرانٹ کی اصولی منظوری دیدی ہے۔ جمعہ کے روز کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم کے مشیربرائے خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں چھ نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ای سی سی نے کورونا ویکسین کی خریداری کیلئے 15 کروڑ ڈالر کی گرانٹ کی اصولی منظوری دیدی جس کے تحت پہلے مرحلے میں ہیلتھ ورکرز اور 65 سال سے زائد عمر کے لوگوں کیلئے کورونا ویکسین خریدی جائے گی۔ دوسری جانب امریکہ نے پاکستان کے ساتھ مل کر ویکسین تیار کرنے کی پیشکش کی ہے ، امریکی حکام نے کہا ہے کہ پاکستان کو کورونا ویکسین سازی کے عمل میں خوش آمدید کہا جائے گا ، پاکستان سے متوقع کورونا ویکسین بنانے میں تعاون کیلئے تیار ہیں جس کے تحت امریکی کمپنیاں پاکستان سے ویکسین سازی میں تعاون کر سکتی ہیں ، باہمی تعاون سے پاکستانی کمپنیاں بھی مقامی طور کورونا ویکسین تیار کرسکیں گی۔ ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں واشنگٹن میں پاکستانی مشن نے حکومت کو اس امریکی پیشکش کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے متعلقہ فریقین سے مشاورت کی تجویز دی ہے ، جس کی بناء پر پاکستان نے کورونا ویکسین سازی کی امریکی پیشکش پر مثبت جواب دینے کا فیصلہ کیا ہے ، اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کی طرف سے وزارت صحت کو پاکستانی کمپنیوں سے مشاورت کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے پیشکش پر تجاویز بھی مانگی گئی ہیں۔



Source link

Credits Urdu Points