بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ لندن میں ادا کی جائیگی، تدفین لاہور ہوگی

87


اسلام آباد (92 نیوز)میاں محمد شریف کی بیوہ، نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر لندن میں انتقال کرگئیں، نماز جنازہ لندن میں ادا کی جائے گی جبکہ تدفین لاہور میں ہوگی، بیگم شمیم اختر نے مشکل فیصلوں میں ہمیشہ نواز شریف کا ساتھ دیا۔

میاں محمد شریف کی بیوہ، نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر طویل علالت کے بعد لندن میں خالق حقیقی سے جاملیں، سانس کی تکلیف بڑھی اور حرکت قلب بند ہوگئی،اس موقع پر پوری شریف فیملی ایون فیلڈ میں موجود رہی ۔

ذرائع کے مطابق بیگم شمیم کی نماز جنازہ لندن کی مسجد ریجنٹ پارک بیکر اسٹریٹ میں ادا کی جائے گی،شمیم بیگم کو نماز جنازہ کے بعد لندن کے سرد خانے میں رکھا جائے گا، بین الاقوامی فلائٹ کے ذریعے ڈیڈ باڈی پاکستان بھیجی جائے گی۔

میت لاہور پہنچنے کے بعد نوازشریف کی والدہ کی نماز جنازہ شریف میڈیکل سٹی گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی، جاتی امراء میں شریف فیملی کے خاندانی قبرستان میں میاں شریف کے پہلو میں سپرد خاک کیاجائے گا۔

ن لیگی رہنما عطا تارڑ کے مطابق شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کو جیل میں اطلاع کردی گئی جبکہ ان کی پیرول پر رہائی کیلئے بھی درخواست دی جائے گی، مریم نواز کو بھی پشاور جلسے کے دوران اطلاع دی گئی۔

بیگم شمیم اختر نے ہر مشکل فیصلے میں نواز شریف اور شہباز شریف کا ساتھ دیا، نواز شریف کو سزا ہونے کے بعد لاہور میں مقیم رہیں اور جب نواز شریف لندن روانہ ہوئے تو وہ بھی لندن منتقل ہوگئیں۔

نواز شریف  نے والدہ کی تدفین کیلئے وطن واپسی کے حوالے سے مشاورت شروع کردی، ذرائع  کے مطابق نواز شریف واپس آنے کے لئے تیار ہیں تاہم اسحاق ڈار، حسن اور حسین نواز نے وطن واپس نہ جانے کا مشورہ دیا ہے۔



Source link

Credits 92News