اپنی کمپنی کے بینک اکاؤنٹ میں رکھے ہوئے مذکورہ ایل سی کو دھوکہ دہی سے انجام دینے والا ملزم گرفتار
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 نومبر 2024ء ) پاکستانی تاجر نے چینی کمپنی کو معدنیات کی بجائے کروڑوں کی مٹی پتھر بجری بیچ ڈالی، وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایف آئی اے کے کرائم سرکل کے عملے نے چینی کمپنی کو ضروری معدنیات کی بجائے 11 کروڑ روپے کے عوض کنٹینرز میں مٹی، پتھر اور بجری ڈال کر فراڈ کرنے کے الزام میں تاجر کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا، میسرز ڈنزو ٹریڈرز کے مالک سید ذیشان افضل بلگرامی کے خلاف کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی میں مقدمہ درج کیا گیا، ایف آئی آر فوجداری انکوائری کے بعد درج کی گئی۔
مقدمے میں کہا گیا ہے کہ ملزم سید ذیشان بلگرامی اور چینی درآمد کنندہ جیانگسو پراونشل فارن ٹریڈ کارپوریشن کے درمیان رواں برس 17 جنوری کو ایک معاہدہ طے پایا جس کے تحت ڈنزو ٹریڈرز کراچی نے 1 ہزار 500 میٹرک ٹن کروم ایسک چین میں مذکورہ چینی کمپنی کو ایکسپورٹ کرنا تھی، 11 فروری کو ڈنزو ٹریڈرز نے کراچی کی بندرگاہ سے چائنہ پورٹ پر کنٹینرز کی کھیپ بھیجی جس میں قیمتی دھات کروم ایسک کی بجائے مٹی، پتھر اور بجری موجود تھی۔
(جاری ہے)
ایف آئی آر کے متن سے معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ کھیپ چین پہنچنے سے قبل ہی ملزم سید ذیشان افضل بلگرامی نے اپنی کمپنی کے بینک اکاؤنٹ میں رکھے ہوئے مذکورہ ایل سی کو دھوکہ دہی سے انجام دیا، بینک میں انسپکشن سرٹیفکیٹ آف کوالٹی اور ویٹ کی جعلی اور بوگس دستاویزات جمع کرائی گئیں۔
مقدمے میں لکھا گیا ہے کہ ملزم سید ذیشان نا صرف برآمدی دھوکہ دہی کا مرتکب ہوا بلکہ اپنے حق میں ایل سی پر عمل درآمد کے لیے جعلی، من گھڑت اور بوگس دستاویزات پیش کرکے بینکنگ فراڈ کا بھی ارتکاب کیا، ملزم نے چینی کمپنی کے ساتھ فراڈ کرنے کے ساتھ ہی قوم و ملک کا نام بھی بدنام کیا، جس کی وجہ سے ملزم ذیشان کو آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع اس کے دفتر سے گرفتار کرلیا گیا۔
Credits 92News