فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین – اے پی پی۔ 11 نومبر2024ء) پاکستان میں دھنیے کی کاشت کارقبہ 5867ہیکٹر تک پہنچ گیا ہے جبکہ اس سے حاصل ہونے والی پیداوار بھی 2996 میٹرک ٹن تک ہو گئی ہے نیزماہرین زراعت کی جانب سے فیصل آباد، قصور، شیخوپورہ، ملتان کے کاشتکاروں کو دھنیے کی پچھیتی کاشت فوری مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے تاکہ بروقت کاشت کی صورت میں اچھی پیداوار حاصل کی جاسکے۔ نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کے ماہرین زراعت نے بتایاکہ دھنیے کے سبز پتے اور بیج بطور مصالحہ روزمرہ کے کھانے پکانے میں استعمال ہوتے ہیں اور اس کے بیج سے تیل بھی نکالا جاتا ہے جو کاسمیٹکس، دواسازی اور پرفیوم بنانے کی صنعت میں استعمال ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ دھنیے کی کاشت کیلئے معتدل سے سرد موسم کی ضرورت ہوتی ہے اوریہ سرد موسم کی سبزی ہونے کے ساتھ ساتھ30سے35ڈگری سینٹی گریڈتک درجہ حرارت برداشت کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔
(جاری ہے)
انہوں نے بتایاکہ دھنیے کو پانی اور کھاد کے مناسب استعمال سے سارا سال کاشت کیا جا سکتا ہے نیز پنجاب کے آب پاش علاقوں میں ستمبرسے نومبرتک کاشت کی ہوئی فصل چار کٹائیاں دینے کے ساتھ ساتھ زیادہ پیداوار دیتی ہے تاہم بارانی علاقوں میں اس کی کاشت کا انحصار اکتوبر کی بارشوں پر ہے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکارچھٹہ کاشت کی صورت میں 10 سے 15کلو گرام جبکہ ڈرل کاشت کی صورت میں 10سے12کلو گرام بیج فی ایکڑ استعمال کریں۔ انہوں نے بتایاکہ دل پذیروغیرہ ادارہ تحقیقات سبزیات کی منظور شدہ اقسام ہیں جو زیادہ کٹائیاں دینے کے ساتھ 12ٹن فی ہیکٹرپیداواری صلاحیت کی حامل ہے جبکہ اس کے علاوہ قندھاری قسم بھی اچھی پیداواردے سکتی ہے۔
Credits 92News