عدالت نے بدنام کرنے، توہین کرنے اور مارنے کے جرم میں متاثرہ کو معاوضے کے طور پر رقم ادا کرنے کا پابند کیا
راس الخیمہ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 ستمبر 2024ء ) متحدہ عرب امارات میں ایک شخص کو ’گدھا‘ کہنے پر عدالت نے 2 افراد پر بھاری جرمانہ عائد کردیا۔
گلف نیوز کے مطابق راس الخیمہ کی ایک خاندانی اور دیوانی و انتظامی مقدمات کی سماعت کرنے والی عدالت نے دو افراد کو حکم دیا ہے کہ وہ اپنی گاڑی کو صحیح طریقے سے ریورس نہ کر پانے کی وجہ سے ایک شخص کو “گدھا” اور “احمق” کہہ کر پکارنے پر ایک، ایک ہزار درہم بطور جرمانہ ادا کریں، عدالت نے دونوں کو ایک شخص کو بدنام کرنے، توہین کرنے اور مارنے کے جرم میں معاوضے کے طور پر رقم ادا کرنے کا پابند کیا۔
بتایا گیا ہے کہ اردن سے تعلق رکھنے والے متاثرہ 44 سالہ شخص نے دونوں کے خلاف ہتک عزت کے الزام میں مقدمہ دائر کیا تھا، جس میں اس کی ساکھ اور وقار کو نقصان پہنچانے والی توہین کے نتیجے میں ہونے والے مادی اور اخلاقی نقصانات کا معاوضہ طلب کیا گیا، عدالتی فیصلے میں مدعا علیہان پر ناصرف جرمانہ عائد کیا گیا بلکہ ساتھ ہی عدالتی فیس ادا کرنے کی ذمہ داری بھی عائد کی گئی۔
(جاری ہے)
معلوم ہوا ہے کہ یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب متاثرہ شخص کو کہا گیا کہ وہ اپنی گاڑی کو کسی خاص جگہ سے ہٹا دے کیوں کہ اس سے ٹریفک کی نقل و حرکت میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے، جب وہ اپنی گاڑی منتقل کرنے ہی والا تھا کہ دو مدعا علیہان کی طرف سے مبینہ طور پر ہتک عزت اور حملہ کیا گیا، اس حملے سے متاثرہ شخص کو چوٹیں آئیں جس کی وجہ سے وہ 20 دنوں تک کوئی بھی سرگرمی کرنے کے قابل نہ رہا کیوں کہ ملزمان نے جب اس پر حملہ کیا تو وہ گاری کے اندر تھا اور اس کا ایک پاؤں گاڑی کے دروازے میں پھنس گیا، جس سے بائیں ٹانگ کے نچلے حصے اور بائیں ٹخنے میں چوٹیں آئیں اور سوجن ہو گئی۔
Credits 92News