حکمران جماعت نے کانگریس رہنماؤں پر پاکستانی ہائی کمیشن سے آموں کا تحفہ لینے کا الزام عائد کردیا
نئی دہلی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 اگست 2024ء ) بھارت کی لوک سبھا میں بھی پاکستانی آموں کے چرچے سنائی دینے لگے۔ جیو نیوز کے مطابق بھارتی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ پاکستانی ہائی کمیشن نے بھارت کے 7 اراکین پارلیمنٹ کو آموں کے ڈبے بھیجے ہیں، جن میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی، کپل سبل، ششی تھرور، محب اللہ ندوی، ضیا الرحمان، اقرا حسن اور افضل انصاری شامل ہیں۔ بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی نے کانگریس رہنماؤں پر پاکستانی ہائی کمیشن سے آموں کا تحفہ لینے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی سمیت 7 اراکین پارلیمنٹ نے پاکستانی ہائی کمیشن سے آموں کا تحفہ لیا۔ اس سلسلے میں بی جے پی رہنما گری راج سنگھ نے کہا راہول گاندھی کے پاکستان کے ساتھ تعلقات ہیں، راہول گاندھی نے پہلے کہا تھا انہیں اتر پردیش کے آم پسند نہیں لیکن پاکستانی سفارت خانے نے اب راہول گاندھی کو آم بھیجے ہیں۔
(جاری ہے)
اسی حوالے سے انوراگ ٹھاکر کا کہنا ہے کہ راہول گاندھی کو آم اسی جگہ سے مل رہے ہیں جہاں ان کا دل ہے، ویسے راہول یوپی کے آم تو پسند نہیں کرتے لیکن پاکستان کے آموں کو لے کر پرجوش دکھائی دیتے ہیں۔
دوسری طرف پاکستان نے آموں کی وسط ایشیائی ریاستوں تک ترسیل شروع کردی، نیشنل لاجسٹک سیل (این ایل سی) کا آموں سے لدا پہلا ٹرک 6 دنوں کی ریکارڈ مدت میں حیدرآباد سے تاشقند پہنچ گیا، پاکستان سے آموں کی وسطی ایشیائی ریاستوں تک ترسیل زرعی شعبے کے لیے اہم سنگ میل ہے، آموں کی تازگی برقرار رکھنے کے لیے این ایل سی نے خصوصی ریفر کنٹینر کا استعمال کیا، ٹرک پر تقریباً 15 ٹن آم لوڈ کیے گئے تھے، کنٹینر نے دوران سفر درجہ حرارت کو مطلوبہ سطح پر برقرار رکھا، ٹرک نے کل اڑھائی ہزار کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا، ان آموں کی بین الاقوامی معیار کے مطابق پروسیسنگ کی گئی۔
Credits 92News