لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔یکم جون 2024 ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب میں کسی جگہ پر بھی نو گو ایریا برداشت نہیں، پولیس کرائم کنٹرول کرے، حقائق سے آنکھیں بند نہیں کی جا سکتی، صوبے بھر میں کرائم ریٹ کو ہر صورت نیچے لانا ہوگا،چیک پوسٹ پر کھڑے ہر پولیس اہلکار کی حفاظت کو یقینی بنانا ذمہ داری ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، آئی جی پنجاب نے امن و امان کی مجموعی صورتحال اور پولیس کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔اجلاس کے دوران پنجاب کی جیلوں میں ”بیگر بیرک“ کے قیام کی تجویز پر بھی اتفاق کیا گیا۔اجلاس میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، سینیٹر پرویز رشید، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل سپیشل برانچ، ڈی آئی جی آپریشنز، سی سی پی او اور دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی، تمام آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
()
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ 13 کروڑ عوام کو جوابدہ ہوں۔پولیس کرائم کنٹرول کرے۔جرائم زیادہ ہو تو عوام حکومت کی ریفارمز اور ڈویلپمنٹ بھول جاتی ہے۔پولیس کے امور میں سیاسی مداخلت ختم کرا دی اب پولیس پرفارم کرے، ڈی پی او حضرات اپنے ڈسٹرکٹ کو کرپٹ اہلکاروں اور جرائم پیشہ افراد سے پاک کریں۔ پولیس قربانی بھی دے رہی ہے مگر کالی بھیڑیں بھی موجود ہیں۔ پولیس کے ساتھ ہوں، فورس کے پیچھے کھڑی ہوںاسی لئے یونیفارم پہن کر اظہار یکجہتی کیا۔لاہور میں ڈکیتی کے واقعات میں 50 فیصد سے زائد کمی خوش آئند ہے، تنخواہ لیکر جانے والے مزدوروں کا لٹ جانا افسوسناک ہی نہیں شرمناک بھی ہے۔ پولیس کو پورے وسائل مہیا کر رہے ہیں تاکہ کارکردگی میں کمی نہ آئے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکا مزیدکہنا تھا کہ کرپشن کے خاتمے کیلئے پولیس میں کارکردگی کے تجزیے اور جانچ کا نظام لا رہے ہیں۔ بین الصوبائی سمگلنگ روکنے کیلئے 14 خصوصی چیک پوسٹ بنائی جا رہی ہیں، گاڑیاں، آلات، اسلحہ، ٹریننگ اور پولیس کی ہر ڈیمانڈ پوری کر رہے ہیں۔ 10 افراد کو ہجوم سے بچانے اور بحفاظت نکالنے پر آئی جی، آر پی اوسرگودھا اور ڈی پی او کو سراہتی ہوں۔ آر پی او شیخوپورہ کو ڈکیتی کے واقعات پر قابو پانے کیلئے ڈیڈ لائن دے دی ہے، ڈرگز کے سدباب کیلئے مستقل بنیادوں پرایکشن جاری رکھا جائے، ہوائی فائرنگ کے واقعات کو روکنے کیلئے پولیس موثر اقدامات کرے۔ ٹریفک وارڈن کی موجودگی میں روڈ بلاک ہونا انتہائی افسوسناک ہے، روڈ پر موٹر بائیک سواروں سے لین کی پابندی کرائی جائے۔ ڈی جی خان ماڈل پر صوبے بھر میں بجلی چوری کے سدباب کیلئے موثر کارروائی کی جائے۔بجلی چوری ختم ہوگی تو لوڈشیڈنگ بھی صفر ہو جائیگی۔
Credits Urdu Points