قومی اسمبلی ،265 نشستوں پر 96 نئے چہرے اسمبلی پہنچے

26
قومی اسمبلی ،265 نشستوں پر 96 نئے چہرے اسمبلی پہنچے


اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔01 مارچ2024 ء) قومی اسمبلی میں 36فیصد نئے چہرے آگئے،265 نشستوں پر 96 نئے امیدوار منتخب ہو کر اسمبلی پہنچے، پیپلز پارٹی کے کم عمر ترین رکن میر جمال خان رئیسانی بھی بلوچستان سے پہلی بار منتخب ہو کر ایوان میں پہنچے ہیں۔نئے چہروں میں پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں کی تعداد سب سے زیادہ ہے جبکہ مسلم لیگ ن کے 15 ، پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کے 11،11 ارکان پہلی بار ایم این اے بنے ہیں اورآئی پی پی سے عبدالعلیم خان اور عون چودھری بھی پہلی بار منتخب ہو کر قومی اسمبلی کا حصہ بننے میں کامیاب ہوئے ہیں۔مسلم لیگ ن کے عطاءاللہ تارڑ بھی پہلی بار اسمبلی کے رکن بنے ہیں۔اسی طرح بیرسٹر گوہر علی خان، شیر افضل مروت، لطیف کھوسہ شامل ہیں جبکہ شاندانہ گلزار گزشتہ اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر رکن تھیں لیکن اس بار جنرل سیٹ پر منتخب ہو کر اسمبلی آئی ہیں۔

()

ایم کیو ایم کے روٴف صدیقی، سید مصطفیٰ کمال، ارشد ووہرہ بھی پہلی بار قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہونے والوں میں شامل ہیں۔

یاد رہے کہ قومی اسمبلی کے گذشتہ روز ہونے والے اجلاس میں 282ممبران قومی اسمبلی نے حلف اٹھایا اور رول آف ممبر پر دستخط کیے جس میں نامزد اسپیکر سردار ایاز صادق، ڈپٹی اسپیکر، آصف زرداری، بلاول بھٹو، نواز شریف، نامزد وزیراعظم شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر اراکین شامل تھے۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور لیگی رہنما مریم اورنگزیب بھی مہمانوں کی گیلری میں موجود تھیں۔سابق اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کی زیر صدارت ہونے والا اجلاس صبح 10 بجے شروع ہونا تھا تاہم اجلاس مقررہ وقت کے ایک گھنٹے بعد شروع ہواتھا۔ اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا تھا۔سنی اتحاد کونسل کے عمر ایوب ،بیرسٹرگوہر،علی محمد خان نے بھی حلف اٹھا لیا، استحکام پاکستان پارٹی کے علیم خان کو دستخظ کرنے بلایا گیا تو سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے لوٹا لوٹا کے نعرے لگائے تھے۔محمود خان اچکزئی اور سردار اختر مینگل بھی حلف اٹھانے والوں میں شامل تھے۔موجودہ قومی اسمبلی 336 ارکان پر مشتمل ہے جس میں سے 266 نشستوں پر ارکان براہ راست انتخابات کے ذریعے منتخب ہوتے ہیں جبکہ باقی ارکان مخصوص نشستوں پر ایوان کا حصہ بنتے ہیں۔



Source link

Credits Urdu Points