سردی کی پہلی تگڑی لہر کیلئے تیار ہو جائیں

32
سردی کی پہلی تگڑی لہر کیلئے تیار ہو جائیں


لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ یکم دسمبر2023ء) سردی کی پہلی تگڑی لہر کیلئے تیار ہو جائیں، ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی شدت میں زبردست اضافے کی پیشن گوئی۔ تفصیلات کے مطابق رواں ہفتے کے دوران ملک کے کئی شہروں میں ہونے والی بارش کے بعد بیشتر علاقوں کا موسم کافی سرد ہو چکا، جبکہ لاہور اور دیگر میدانی علاقوں میں سموگ کی شدت بھی کم ہو گئی۔ رواں ہفتے کے دوران ہونے والی بارشوں اور برفباری کے بعد ملک بھر کیلئے سردیوں کی پہلی باقاعدہ تگڑی لہر کی آمد کے حوالے سے تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔ ماہرین موسمیات نے بھی پیشن گوئی کی ہے کہ دسمبر کے پہلے ہفتے کے اختتام پر سردی کی ایک تگڑی لہر ملک میں داخل ہونے والی ہے، جس سے ملک بھر میں سردی کی شدت میں زبردست اضافہ متوقع ہے۔

()

بتایا گیا ہے کہ ملک کے شمالی علاقوں میں جاڑے والی سردی کی آمد ہو چکی، اب ملک کے دیگر علاقوں میں ایسی سردی شروع ہو گی۔

ملک میں چند روز قبل داخل ہونے والے مغربی ہواوں کے سلسلے کے باعث کئی مشہور سیاحتی مقامات پر برفباری بھی ہوئی ہے، اسی باعث بیشتر شمالی علاقے ان دنوں شدید سردی کی لہر کی زد میں ہیں۔ برفباری کے باعث بیشتر شمالی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گر چکا۔ جبکہ آئندہ 24 گھںٹوں کیلئے ملک بھر کے موسم کی صورتحال سے متعلق محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ میدانی علاقوں میں سموگ/دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کے روز پنجاب، خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح کے اوقات میں سموگ /دھند چھائے رہنے کا امکان ہے ۔گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا ۔ سب سے زیادہ بارش کشمیر میں مظفرآباد (سٹی 28 اور ایئرپورٹ 22)، گڑھی دوپٹہ 06، راولاکوٹ 03، خیبر پختونخوا میں بالاکوٹ 16، کالام 11، دیر (اپر اور لوئر 10)، سیدو شریف 11، مالم جبہ 07، کاکول، چی پتن، 03، دروش 01، گلگت بلتستان میں بگروٹ، چلاس، گلگت اور ہنزہ میں 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ اس دوران ملک میں کم سے کم درجہ حرارت لہہ منفی 06،کالام اورقلات میں منفی 02 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔



Source link

Credits Urdu Points