اسلام آباد میں کورونا کی شرح تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی‘ ایک درجن سے زائد ججز بھی وباء کا شکار

14


اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 21 جنوری 2022ء ) وفاقی دارالحکومت کی تاریخ میں کورونا کی شرح بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ، جہاں ایک درجن سے زائد ججز بھی وباء کا شکار ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس بے قابو ہوگیا ہے جہاں ایک روزمیں ریکارڈ 1359 کیس سامنے آئے اور اسلام آباد کی تاریخ میں کورونا کی شرح بلند ترین سطح پر پہنچ گئی کیوں کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں شہر میں کورونا کی شرح 18 اعشاریہ 9 فیصد ریکارڈ کی گئی ، کورونا کیسز کی 18 اعشاریہ 9 فیصد شرح اسلام کی آباد کی تاریخ کے بلند ترین مقام پر ہے۔ بتایا گیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ججز اور عدالتوں کے 58 اہلکاروں کو کورونا ہوگیا ، اسلام آباد کی ضلع کچہری میں 15 ججز کے ساتھ ساتھ دیگر 58 عدالتی اہلکار بھی کورونا کا شکار ہوچکے ہیں ، جس کی وجہ سے عدالتیں آج کیلئے بند کر دی گئی ہیں ، عدالتوں میں ڈس انفیکشن اسپرے کرایا جائے گا۔

()

معلوم ہوا ہے کہ جن ججز اور اہلکاروں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ان میں ضلع کچہری ویسٹ کورٹس کے 10 ججز 29 اہلکار شامل ہیں اسی طرح ایسٹ کورٹس کے 5 ججز اور 29 اہلکار بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے ہیں۔

ادھر ملک میں عالمی وباء کورونا وائرس کا ایک اور مہلک وار 23 جانیں لے گیا ‘ ایک ہی دن میں ساڑھے 7 ہزار سے زائد کیسز ریکارڈ ہوئے اور مثبت کیسز کی شرح تقریباً 13 فیصد ہوگئی ، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار سے معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ملک بھر میں 59 ہزار 343 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے مثبت کیسز کی شرح 12 اعشاریہ 93 فیصد رہی ، اس دوران ملک بھر میں کورونا کے 7 ہزار 678 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ، جس کے ساتھ ہی ملک میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 13 لاکھ 53 ہزار 479 ہو گئی۔ بتایا گیا ہے کہ صوبہ سندھ میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد اب 5 لاکھ 16 ہزار874 ہوچکی ہے ، صوبہ خیبر پختونخوا میں یہ تعداد ایک لاکھ 83 ہزار 403 ہے ، صوبہ پنجاب میں کورونا نے 4 لاکھ 58 ہزار 879 افراد کو بیمار کیا ، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 15 ہزار 047 ہوچکی ہے ، صوبہ بلوچستان میں 33 ہزار 812 ، آزاد کشمیر میں 34 ہزار 997 اور گلگت بلتستان میں اب تک 10 ہزار 467 شہریوں میں کورونا کی تشخیص ہوچکی ہے۔ این سی او سی کے مطابق پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس سے ایک دن میں مزید 23 افراد جاں بحق ہو گئے جس کے بعد ملک میں کورونا سے ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 29 ہزار 65 ہوچکی ہے ، کورونا کی وجہ سے ملک میں سب سے زیادہ اموات صوبہ پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں اب تک 13 ہزار 096 افراد وباء کی وجہ سے لقمہ اجل بن چکے ہیں ، صوبہ سندھ میں کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 7 ہزار 727 ہے ، صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا اب تک 5 ہزار 968 افراد کی جانیں نگل چکا ہے ، اسی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 971 ، گلگت بلتستان میں 187 ، بلوچستان میں 367 اور آزاد کشمیر میں اب تک 749 افراد کورونا کا شکار ہوکر انتقال کرچکے ہیں۔



Source link

Credits Urdu Points