ملتان (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم دسمبر 2020ء) : ملتان میں گذشتہ رات پی ڈی ایم کے جلسے کے دوران جلسہ گاہ کے قریب گتے کی فیکٹری میں آگ لگنے کے واقعہ پر گودام کے مالک نے پی ڈی ایم رہنماؤں سے نقصان کے ازالے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گودام کے مالک نے الزام عائد کیا کہ گودام میں آگ آتشبازی سے لگی۔ گودام مالک نے کہا کہ آتشبازی سے بھڑکنے والی آگ سے میرا لاکھوں روپے کا نقصان ہوا لیکن ان کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ گودام مالک شیخ اویس نے کہا کہ ن لیگ کے رہنما شاہد محمود نے مریم نواز کے استقبال میں آتشبازی کی تھی لیکن بھاری نقصان مجھے اُٹھانا پڑا۔ گودام مالک نے کہا کہ کسی نے ہمیں آ کر پوچھا تک نہیں، ہمارا بیس سے پچیس لاکھ کا نقصان ہوا ہے۔ اس معاملے پر وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پنجاب پولیس کو فوری طور پر اس پر ایکشن لینا چاہئیے۔
()
واقعہ کی ایف آئی آر درج کر کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی ہونی چاہئیے۔ دوسری جانب لیگی رہنما شاہد محمود نے کہا کہ آتشبازی کرنے والا میں اکیلا نہیں تھا ، دیگر رہنماؤں نے بھی مریم نواز کی آمد کی خوشی میں یہ کام کیا۔ رہی بات نقصان کے ازالے کی ، اگر آتشبازی سے کوئی نقصان ہوا ہے تو اُس کا ازالہ ہونا چاہئیے۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم نے آتشبازی کی تو ہم گودام سے کافی آگے تھے۔ لیگی رہنما شاہد محمود نے شُبے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب پتہ نہیں گودام میں آگ لگا کر کسی نے شرارت کی ہے یا پھر واقعہ آتشبازی سے آگ لگی ہے۔ کیونکہ آگ ٹھیک اُسی وقت بھڑکی جب مریم نواز جلسہ عام سے خطاب کر رہی تھیں۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز ملتان کے گھنٹہ گھر چوک میں پی ڈی ایم کا جلسہ جاری تھا جب اسٹیج سے کچھ فاصلے پر موجود ایک گودام میں شدید آگ بھڑک اُٹھی ۔ آگ بھڑکنے کے بعد کارکنان میں بھگدڑ مچ گئی ۔ جس کے بعد ریسکیو اور فائر بریگیڈ کے عملے کو طلب کر لیا گیا تھا۔
Credits Urdu Points