ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔01 دسمبر2020ء) ملتان میں ہونے والا پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا جلسہ پیپلز پارٹی نے اپنے یومِ تاسیس کے حوالے سے قابو کر لیا اور اس جلسے کے حوالے سے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور ان کے بیٹوں کی ’لاٹری‘ نکل آئی ، گیلانی خاندان نے اس جلسے کے زور پر اپنی سیاست جو کہ خاصی ناگفتہ بہ صورتحال کا شکار تھی ایک بار پھر خاصی حد تک اس کو دوبارہ چمکا لیا ، ان خیالات کا اظہار کالم نویس و مزاح نگار خالد مسعود خان نے کیا ۔ تفصیلات کے مطابق روزنامہ دنیا میں اپنے ایک کالم میں انہوں نے لکھا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے گزشتہ سارے جلسوں میں پیپلزپارٹی کے رہنما سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سیاسی طور پر پچھلے بینچوں پر بیٹھے دکھائی دے رہے تھے یہاں تک کہ راجہ پرویز اشرف کو یوسف رضا گیلانی سے کہیں زیادہ اہمیت اور پذیرائی مل رہی تھی ، لیکن اب حالیہ ملتان جلسے کی بدولت سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اپنے چاروں بیٹوں سمیت بہت زیادہ لائم لائٹ میں آ گئے ہیں ، پیپلزپارٹی رہنما کے تین بیٹے پہلے ہی سیاست میں تھے لیکن ان ن کا چوتھا بیٹا علی قاسم سیاست سے دور تھا لیکن ملتان کے حالیہ جلسے کا سارا انتظام علی قاسم کے ہی ذمے تھا ، اس طرح یہ ان کے خاندان کا آخری فرد تھا جو سیاسی میدان میں داخلے سے محروم تھا سواب ان کی یہ محرومی بھی ختم ہو گئی ، اس سارے شو کا سب سے زیادہ فائدہ گیلانی خاندان کو ہوا اور وہ ایک بار پھر قومی خبروں کا مرکز ہیں۔
()
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی موسیٰ گیلانی کو جلسے سے قبل گرفتار بھی کیا گیاجن کی بعد ازاں ضمانت منظور ہوئی تو انہیں رہا کردیا گیا ، علی موسیٰ گیلانی کی ساتھیوں سمیت ضمانت منظور کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ علاقہ مجسٹریٹ جواد ظفر نے علی موسیٰ گیلانی سمیت دیگر گرفتار رہنماؤں کی ضمانت منظورکرلی تھی قبل ازیں سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے احتجاج کرنے کے لیے تھانہ چہلیک پہنچے تھے جہاں پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا ، موسیٰ گیلانی کی گرفتاری کیخلاف تھانے کے باہر پیپلز پارٹی کے کارکنان کی طرف سےاحتجاج کیا گیا اور انہوں نے سید موسیٰ گیلانی کی رہائی کا مطالبہ کیا ،اس دوران پیپلز پارٹی کے کارکنان کی بڑی تعداد تھانے کے باہر موجود رہی، کارکنان موسیٰ گیلانی کی رہائی کے لیے نعرے بازی کرتی رہی ۔
Credits Urdu Points