ٹک ٹاک نے ایک اور جان لے لی،گولی چلنے سے نوجوان جانبحق

42


کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 دسمبر 2020ء) کس قدر قیمتی جان کو کتنی ارزاں قیمت پر ختم کردیا جاتا ہے۔فضول کے شوق اور مفت کے پنگے انسان کو ایسی ہزیمت اور لاچارگی سے دوچار کرتے ہیں کہ انسان کے پاس سوائے پچھتاوے کے اور کچھ بچتا ہی نہیں ہے۔ٹک ٹاک نے نوجوان نسل کی سوچ کی ایسی مت ماری ہے کہ انتہائی فضول قسم کے شوق پال لیے ہیں۔کچھ تو ایڈونچر کرنے کے شوق میں انتہائی قدم اٹھا ڈالتے ہیں اور اسی چکر میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔پاکستان بھر میں اس وقت درجن بھر کے قریب نوجوان ٹک ٹاک کی وجہ سے موت کا نوالہ بن چکے ہیں اور آج ایک اور نوجوان ٹک ٹاک بناتے ہوئے جان کی بازی ہار گیا ہے۔تفصیل کے مطابق گلشن معمار کی فلور ملز میں تعینات 20 سالہ سکیورٹی گارڈ ویڈیو بنانے کے دوران ریپیٹر کا فائر چل جانے سے جاں بحق ہوگیا۔

()

پولیس کا کہنا ہے نوجوان سکیورٹی گارڈ ٹک ٹاک پر ویڈیو بنا رہا تھا کہ گولی چل گئی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جاں بحق سکیورٹی گارڈ اسلحہ میں گولی ڈالتا ہے اور اپنے سینے پر رکھ دیتا ہے اور ویڈیو بنانے والا سکیورٹی گارڈ بھی اس ہی کمپنی کا ہے۔ویڈیو بنانے والا شخص بار بار اسے کہتا ہے کہ کیوں ایسا کر رہے ہو گولی چل جائے گی اور مقتول سامنے سے مسکراتا ہی رہتا ہے۔ویڈیو بنانے والا ساتھی پھر کہتا ہے کہ کیوں عشق میں اپنی جان دینے لگے ہو مگر اس کے باوجود بھی ٹک ٹاک بنانے والا بعض نہیں آتا۔وہ باقاعدہ کارتوس بندوق میں ڈالتا ہے،گھوڑا ٹھیک کرتاہے اور اس دوران ٹریگر پر اس کا ہاتھ جا پڑتا ہے اور انتہائی زور دار دھماکے کے ساتھ گولی چلتی ہے اور ٹک ٹاک بنانے والا زمین پر جا گرتا ہے۔پولیس نے ویڈیو بنانے والے سکیورٹی گارڈ کو حراست میں لے لیا جس نے بیان دیا ہے کہ جس اسلحہ سے فائر کیا گیا وہ چلتا نہیں تھا لیکن ویڈیو بناتے ہوئے اسلحہ اچانک چل گیا۔پولیس کے مطابق جاں بحق سکیورٹی گارڈ کا آبائی تعلق سانگھڑ سے تھا جو 15 روز قبل کمپنی میں بھرتی ہوا تھا، ورثا نے لاش کا پوسٹ مارٹم کرانے سے انکار کردیا۔



Source link

Credits Urdu Points