لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 نومبر 2020ء) : معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پی ڈی ایم کے خلاف طاقت کا استعمال نہیں کریں گے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ اپوزیشن کے غیر ذمے دارانہ طرز عمل کے خلاف طاقت کا استعمال نہیں کریں گے ، اگر قانون کی پاسداری نہیں کی گئی تو پھر قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔ معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اپوزیشن سیاہ کاری کرے گی تو کارروائی بھی ہوگی۔ لاکھوں لوگوں کے روزگار کامعاملہ ہے اس لیے لاک ڈاؤن نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے کئی اضلاع کورونا کے پیش نظر بند کر چکی ہے، منافقت کی انتہا کہ پنجاب میں پی ڈی ایم جلسوں کے لیے سندھ سے بسیں بھر کر لوگ لائے جارہے ہیں ۔ اُن کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم عوام کی زندگی کو مسلسل خطرے میں ڈالنے سے باز نہیں آرہی ، پی ڈی ایم کورونا کے پھیلاؤ کے لیے دوستانہ ماحول فراہم کررہی ہے ، پی ڈی ایم کا بے روزگار ٹولہ اپنی سیاسی بیروزگاری کا بدلہ پنجاب کے عوام سے لے رہا ہے ۔
()
خیال رہے کہ پی ڈی ایم نے آج ملتان میں جلسے کا اعلان کررکھا ہے جبکہ دوسری جانب انتظامیہ نے بھی کمر کس لی۔ شہر کے تمام داخلی راستوں پر بھی رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں، شہر میں میٹرو اور اسپیڈو بس سروس معطل ہیں۔ جبکہ قلعہ کہنہ قاسم باغ اسٹیڈیم کا کنٹرول انتظامیہ نے سنبھال لیا ہے، اسٹیڈیم آنے والے راستے کنٹینر لگا کر سیل کر دیے گئے ہیں، گھنٹہ گھر چوک کے راستوں کو بھی رکاوٹیں کھڑی کر کے سیل کر دیا گیا ہے۔لیکن پی ڈی ایم رہنماؤں نے ہر صورت جلسہ ہونے کا اعلان کر رکھا ہے۔ اب سے کچھ دیر قبل مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز ملتان جلسہ کے لیے جاتی امرا سے روانہ ہوئیں۔ ملتان کے لیے روانگی سے قبل مریم نواز کا کہنا تھا کہ جلسہ جہاں بھی ہو، اسٹیڈیم کے اندر ہو یا باہر، جلسہ ضرور ہو گا۔ راستے میں لگا ہر کنٹینر ان کے خوف کا عکاس ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ میں ذاتی غم کو پیچھے چھوڑ کر قوم کے غم کے لیے ملتان کے لیے نکل رہی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ملک و قوم پر مشکل وقت ہے۔ قوم کی بیٹی مریم نواز اور آصفہ بھٹو باہر نکلیں گی۔ ملک پر مشکل آئی تو بیٹیاں بھی گھروں سے باہر نکلی ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ حکومت کو اپنا خاتمہ نظرآ رہا ہے، یہ جلسہ کامیاب ہو گیا ۔
Credits Urdu Points