لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 نومبر 2020ء) : مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ جلسہ ہر صورت ہو گا ۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز ملتان جلسہ کے لیے جاتی امرا سے روانہ ہو گئی ہیں۔ جاتی امرا سے روانگی سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ جلسہ جہاں بھی ہو، اسٹیڈیم کے اندر ہو یا باہر، جلسہ ضرور ہو گا۔ راستے میں لگا ہر کنٹینر ان کے خوف کا عکاس ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ میں ذاتی غم کو پیچھے چھوڑ کر قوم کے غم کے لیے ملتان کے لیے نکل رہی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ملک و قوم پر مشکل وقت ہے۔ قوم کی بیٹی مریم نواز اور آصفہ بھٹو باہر نکلیں گی۔ ملک پر مشکل آئی تو بیٹیاں بھی گھروں سے باہر نکلی ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ حکومت کو اپنا خاتمہ نظرآ رہا ہے، یہ جلسہ کامیاب ہو گیا ۔
()
کسی لیڈر یا کارکن کی گرفتاری سے یہ تحریک نہیں رُکے گی۔ گرفتاری کے خوف سے بزدل بھاگتے ہیں۔ وکلا تحریک میں عمران خان دیواریں پھلانگ کر بھاگے تھے۔ مریم نواز جیل کاٹ چکی ہے دوبارہ گرفتاری کا ڈر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملتان کے لوگ نکلیں اور اس نالائق حکومت سے جان چُھڑوائیں ۔ کوویڈ 19 تو چلا جائے گا لیکن کوویڈ 18 کو گھر بھیجنا ضروری ہے۔ سلیکٹڈ کو اپنے سلیکٹر کا پلو پکڑ کر جمہوریت کی بات کرنا زیب نہیں دیتا ۔ عمران خان اپنی نوکری بچانے کے لیے کچھ بھی کر سکتے ہیں۔ کسی کو شک نہیں ہے کہ حکومت جانے والی ہے۔ کیا جماعت اسلامی کے جلسے میں کورونا نہیں پھیلا؟ پولیس والے بھی تنگ ہیں۔ حکومتی وزرا کی جانب سے بھی جلسے ہو رہے ہیں۔ خیال رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے آج قاسم باغ اسٹیڈیم میں ہر صورت جلسہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے، دوسری طرف صوبائی حکومت نے بھی جلسہ روکنے کے لیے تیاری کر لی ہے۔
قلعہ کہنہ قاسم باغ اسٹیڈیم کا کنٹرول انتظامیہ نے سنبھال لیا ہے، اسٹیڈیم آنے والے راستے کنٹینر لگا کر سیل کر دیے گئے ہیں، گھنٹہ گھر چوک کے راستوں کو بھی رکاوٹیں کھڑی کر کے سیل کر دیا گیا۔
شہر کے تمام داخلی راستوں پر بھی رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں، شہر میں میٹرو اور اسپیڈو بس سروس معطل ہیں۔ لیکن پی ڈی ایم رہنماؤں نے ہر صورت جلسہ ہونے کا اعلان کر رکھا ہے۔
Credits Urdu Points