لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 نومبر 2020ء) : عالمی شہرت یافتہ مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل علامہ خادم حسین رضوی کے گھر گئے جہاں انہوں نے اُن کے صاحبزادے سعد حسین رضوی سے تعزیت کی جبکہ علامہ خادم حسین رضوی کی قبر پر فاتحہ خوانی کی۔ تفصیلات کے مطابق عالمی شہرت یافتہ مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل علامہ خادم حسین رضوی کی وفات پر تعزیت کے لیے اُن کے گھر پہنچے جہاں انہوں نے علامہ خادم حسین رضوی کے صاحبزادے اور تحریک لبیک پاکستان کے نئے امیر حافظ سعد حسین رضوی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وہاں موجود لوگوں نے ”لبیک یا رسول اللہﷺ” کے نعرے بھی لگائے جبکہ مولانا طارق جمیل بھی اس موقع پر زیر لب لبیک یا رسول اللہ ﷺ کہتے رہے۔ مولانا طارق جمیل نے علامہ خادم حسین رضوی کی قبر پر فاتحہ خوانی کی اورکہا کہ علامہ خادم حسین جیسے انسان کی مثال پورے بر صغیر میں کہیں نہیں ملتی جنہوں نے ناموس رسالت ﷺ کے لیے جہاد کرتے کرتے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر دیا۔
()
اسی جہاد میں اُن کو بیماری آئی اور اللہ کی جانب سے اُن کا بلاوا آ گیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ اُن کے بیٹے کو ان کا قائم مقام بنائے اور اُن کی ساری صفات عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں بھی ایسا ہی ایمان ، اور جوش و جذبہ عطا فرمائے۔ مولانا طارق جمیل نے کہا کہ میں علامہ خادم رضوی کے صاحبزادے اور آپ سب سے اُن کے انتقال پر تعزیت کرتا ہوں۔ مولانا طارق جمیل کی علامہ خادم حسین رضوی کی رہائش گاہ آمد کے مناظر آپ بھی ملاحظہ کیجئیے: یاد رہے کہ 19 نومبر کو طبیعت خراب ہونے پر تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی کو لاہور کے شیخ زید اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے بتایا کہ اسپتال لاتے ہوئے ہی ان کا انتقال ہو گیا تھا۔ ڈاکٹرز نے علامہ خادم حسین رضوی کے انتقال کی تصدیق کی جس کے بعد ان کا جسد خاکی ان کی رہائش گاہ پر لایا گیا جہاں ان کے آخری دیدار کے لیے دو روز تک کارکنان کا تانتا بندھا رہا ۔ جس کے بعد 21 نومبر کو انہیں سپرد خاک کر دیا گیا تھا۔
Credits Urdu Points