اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27 نومبر2020ء) وفاقی وزیر تعلیم طلبہ میں اپنی مقبولیت سے ناخوش۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں چھٹیاں دینے کے بعد طلبہ میں بے پناہ مقبولیت حاصل کرنے پر وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی جانب سے ردعمل دیا گیا ہے۔ وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ کرونا کے باعث ہونے والی تعطیلات میں بچے چھٹیوں پر خوش نہ ہو بلکہ تعلیم پر توجہ دیں۔ تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ بڑے بوجھل دل سے کرنا پڑا، بچوں میں میری مقبولیت جس وجہ سے بڑھی اس پر خوش نہیں ہوں۔ وزیر تعلیم کہتے ہیں کہ سوشل میڈیا کا دور ہے لوگ تفریح کرتے ہیں۔ بچے بھی شغل کرتے ہیں اورکرتے رہیں گے تاہم چھوٹے بچے دنیا کی بڑی حقیقتوں سے آگاہ نہیں ہیں۔ چھٹیاں ہونے پر بچوں کو خوش ہونے کی بجائے اپنی تعلیم کا سوچنا چاہیئے۔
()
یہ وقت صرف کھیلنے کا نہیں۔ بچے آن لائن پڑھیں یا اساتذہ سے ہوم ورک لیں،ٹی وی پر بچے ٹیلی اسکول کے سامنے بیٹھیں،وقت ملنے پر احتیاط کے ساتھ گیمز کھیلیں،مستقبل پڑھائی میں ہی ہے، ہر چیز چھینی جا سکتی ہے لیکن کسی کا علم نہیں۔ وزیر تعلیم کہتے ہیں کہ کرونا وائرس پھیلاو کی وجہ سے ناپسندیدہ فیصلہ کرنا پڑا کیونکہ بچوں کی صحت سب سے پہلے ہے۔ بچوں کی تعلیم کا نقصان نہ ہو پائے اس کیلئے ضروری ہے کہ ملک میں آن لائن لرننگ پر توجہ دی جائے۔ وزارت میں فاصلاتی تعلیم کا شعبہ کھول دیا ہے،پہلے ٹیلی اسکول کا اجراء کیااوراب ریڈیو اسکول کا اجراء کرنے جا رہے ہیں۔ شفقت محمود نےامید ظاہر کی کہ جنوری میں حالات بہتر ہونے پرتمام تعلیمی ادارے کھول دیں گے۔
Credits Urdu Points