لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 نومبر 2020ء) : معاون خصوصی برائے اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ شریف خاندان مرگ پر بھی سیاست کرنے سے باز نہیں آ رہا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ شریف خاندان جنازے کا اعلان کرے گا تو پے رول فعال ہوگا۔ انہوں نے اپوزیشن کے جلسوں اور کورونا کی موجودہ صورتحال سے متعلق کہا کہ کورونا نہ اپوزیشن کو دیکھ رہا ہے نہ حکومت کو، یہ واحد وبا ہے جو سب کے لیے یکساں طور پر خطرناک ہے، قانون کا سب پر یکساں اطلاق ہو نہ ہو لیکن وبا نے کسی میں تفریق نہیں کی۔ دل پشوری کرنے کے بڑے مواقع آئیں گے پھر جلسے کرلیں، جلسے میں صرف قانون کی حکمرانی ہوگی، اسٹیج پر کھڑے ہو کر بھڑکیں مارنے والے ریاست کی رِٹ چیلنج نہ کریں۔
()
معاون خصوصی اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جہاز پر سری پائے اور نہاری منگوانے والے والدہ کی میت کارگو کروا رہے ہیں۔
انہوں نے یہ تمام باتیں فردوس مارکیٹ انڈر پاس کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیں۔ اس حوالے سے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ فردوس مارکیٹ انڈر پاس کی تعمیر سے عوام کا وقت اور وسائل بچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لعل شہباز قلندر انڈر پاس لاہوریوں کے دلوں کو تقویت دے گا۔ منصوبے کی مجموعی لاگت میں شفاف ٹینڈرنگ سے 13 کروڑ روپے بچائے گئے۔ اُن کا کہنا تھا کہ انڈر پاس کی تعمیر سے ثابت ہوا کہ عثمان بزدار جو کہتے ہیں وہ کرتے ہیں، عثمان بزدار صرف وعدے نہیں کرتے ، عمل کر کے دکھاتے ہیں۔ اس سے قبل بے تحاشہ کرپشن، خود نمائی اور شوبازیوں کے لیے منصوبے بنتے رہے، ماضی میں منصوبے ذاتی مارکیٹنگ اور شوبازی کے لیے استعمال ہوتے تھے، ماضی میں منصوبوں پر سپلیمنڑی گرانٹس بنتی رہیں۔ خیال رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے آج فردوس مارکیٹ انڈر پاس کا افتتاح کیا۔ انڈرپاس کا نیا نام لعل شہباز قلندر سے منسوب کیا گیا ہے۔ انڈر پاس سے گزرنے والوں کی تعداد کا اندازہ 91000 یومیہ لگایا گیا، انڈر پاس سے ڈیفنس ، کیولری ، گلبرگ آنے جانے والوں کو فائدہ پہنچے گا۔
Credits Urdu Points