ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 نومبر2020ء) پیپلزپارٹی کے رہنما سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی موسیٰ گیلانی کی ضمانت منظور کرلی گئی۔ تفصیلات کے مطابق علی موسیٰ گیلانی کی ساتھیوں سمیت ضمانت منظور کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ علاقہ مجسٹریٹ جواد ظفر نے علی موسیٰ گیلانی سمیت دیگر گرفتار رہنماؤں کی ضمانت منظورکرلی۔ یاد رہے کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی موسیٰ گیلانی کو گزشتہ رات گرفتار کیا گیا ، میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے احتجاج کرنے کے لیے تھانہ چہلیک پہنچے تھے جہاں پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا ، موسیٰ گیلانی کی گرفتاری کیخلاف تھانے کے باہر پیپلز پارٹی کے کارکنان کی طرف سےاحتجاج کیا گیا اور انہوں نے سید موسیٰ گیلانی کی رہائی کا مطالبہ کیا ،اس دوران پیپلز پارٹی کے کارکنان کی بڑی تعداد تھانے کے باہر موجود رہی، کارکنان موسیٰ گیلانی کی رہائی کے لیے نعرے بازی کرتی رہی ۔
()
بتایا گیا کہ سابق رکن قومی اسمبلی سید علی موسیٰ گیلانی گرفتار کارکنان سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی کے ساتھ تھانے پہنچے تھے ، کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے کارکنان کو پولیس نے گرفتار کیا تھا، جن کی رہائی کا مطالبہ کرنے کے لیے پیپلز پارٹی کے کارکنان کے ہمراہ علی موسیٰ گیلانی تھانے پہنچے ، جہاں پولیس نے ان کو تھانے میں بٹھا لیا، جس کے بعد پیپلزپارٹی کے کارکنان نے نعرے بازی شروع کردی کہ موسیٰ گیلانی کو رہا کیا جائے ،جب کہ پولیس کا کہنا تھا کہ سید علی موسیٰ گیلانی کو گرفتار نہیں کیا گیا بلکہ وہ خود کارکنان سے ملنے کے لیے تھانے کے اندر آئے تھے۔ اس سے پہلے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے رہنماؤں کے خلاف کار سرکار میں مداخلت کا مقدمہ درج کیا گیا ، ضلعی انتظامیہ کی اجازت کے بغیر انتظامات کرنے پر پیپلزپارٹی کے رہنما سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹوں سمیت 30 رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ، جس کی ایف آئی آر میں موقف اختیار کیا گیا کہ اپوزیشن کے رہنماؤں نے اسٹیڈیم کے عملے کو ڈرایا دھمکایا اور اسٹیڈیم کے تالے بھی توڑ ڈالے، دوسری طرف پی ڈی ایم رہنماؤں نے مقدمے کو جھوٹا اور انتقامی کارروئی قرار دے دیا۔
Credits Urdu Points