ایڈوانس بتا رہا ہوں گیس کی قیمت میں اضافہ نہیں ہوگا، وزیر پیٹرولیم


اسلام آباد (این این آئی )وفاقی وزیرپیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ اگلے موسم سرما میں گیس کی قیمت میں اضافہ نہیں ہوگا اور اسپاٹ ایل این جی کارگوز خریدنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔میڈیا سے غیررسمی گفتگو کے دوران وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ حکومت کی چار یا پانچ ٹیمیں بجلی کی قیمتوں میں ریلیف کے لیے کام کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں، جینکوز، سرکلر ڈیٹ، کپیسٹی پیمنٹس پر الگ الگ ٹیمیں کام کر رہی ہیں، امید ہے جو پیکیج لے کر آئیں گے اس سے عوام کو کچھ ریلیف ملے گا۔مصدق ملک نے کہا کہ گیس کی سپلائی کے حوالے سے سردیوں میں ایک بڑا چیلنج درپیش ہو گا، سردیوں میں بجلی کی کھپت کم ہونا ایک بڑا مسئلہ ہے۔

انہوںنے کہاکہ سردیوں میں بجلی کی کھپت بڑھانا ضروری ہے، جس پر کام جاری ہے، اگر ہم بجلی کی قیمتیں کم کر کے گیس کی قیمتیں بڑھائیں گے تو سردیوں میں بجلی کی کھپت بڑھ سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ہیٹرز اور چولہے گیس کے بجائے بجلی پر منتقل کریں تو سردیوں میں کپیسٹی پیمنٹ سے بچا جا سکتا ہے۔وزیرپیٹرولیم نے کہا کہ ہر 10 روز کے بعد سعودی عرب کے وفود سے ملاقات کرتا ہوں، گرین ریفائنری کے لیے کمرشل رپورٹ دسمبر میں سامنے آئے گی۔انہوںنے کہاکہ دنیا بھر میں پیٹرو کیمیکلز کی ڈیمانڈ بڑھ رہی ہے، گرین فیلڈ ریفائنری میں 50 فیصد پٹروکیمیکل اور 50 فیصد پیٹرولیم ہو گی۔انہوں نے کہا کہ ریکوڈک کوایڈوانس مرحلے میں لے کر جا رہے ہیں، ریکوڈک پر ہم نان ڈسکلوڑر اگریمنٹ میں ہیں اورجلد مثبت خبر آئے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سولر پر رپورٹ جلد وزیراعظم کو پیش کی جائے گی، آئی پی گیس پائپ لائن پر 18 ارب کے جرمانے کی بات درست نہیں ہے۔انہوںنے کہاکہ آئی پی گیس پائپ لائن پر پاکستان پر جرمانے کا تاحال کوئی تخمینہ سامنے نہیں آیا۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ بلوچستان مسئلے کا حل صرف ریکوڈک نہیں بلکہ وہاں کے لوگوں کے لیے ہونا چاہیے، بلوچستان کے مسائل کا سیاسی حل نکالنا ضروری ہے، بلوچستان میں بیرونی مداخلت ہے۔انہوں نے کہا کہ فرنٹیئر ریجن میں سب کمپنیوں کو طے شدہ طریقے کے تحت سیکیورٹی دی جاتی ہے۔مصدق ملک نے کہا کہ آئندہ موسم سرما میں گیس کی قیمتیں نہیں بڑھیں گی، ایڈوانس بتا رہا ہوں گیس کی قیمت میں اضافہ نہیں ہوگا، قوی امید ہے کہ اسپاٹ ایل این جی کارگوز خریدنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔



Source link

Source jawadch.com

Exit mobile version